پاکستانی حج مشن کی شاندار کارکردگی کو بین الاقوامی سطح پر ایک بار پھر تسلیم کرتے ہوئے سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ نے ڈائریکٹر جنرل پاکستان حج مشن عبدالوہاب سومرو کو ’لبیتم ایکسی لینس ایوارڈ‘ سے نواز دیا۔ یہ اعزاز حج انتظامات، عازمین کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور مجموعی انتظامی کارکردگی کے اعتراف میں دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:’حجاج اللہ کے مہمان ہیں‘، وزیراعظم کا سعودی عرب میں پاکستانی حج مشن کو خصوصی ہدایات
مکہ مکرمہ میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے عبدالوہاب سومرو کو ایوارڈ پیش کیا۔ اس موقع پر مختلف ممالک کے حج مشنوں کے سربراہان اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
تقریب میں پاکستان حج مشن کی خدمات کو خصوصی طور پر سراہا گیا، جبکہ عبدالوہاب سومرو امسال بھی نمایاں حج مشن سربراہان میں شامل رہے۔ ان کی قیادت میں پاکستان حج مشن مسلسل دوسری مرتبہ ’’لبیتم ایکسی لینس ایوارڈ‘‘ حاصل کرنے میں کامیاب ہوا، جو پاکستانی حج انتظامات پر عالمی اعتماد کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔

حج مشن حکام کے مطابق رواں سال پاکستانی عازمین کو رہائش، ٹرانسپورٹ، خوراک، طبی سہولیات اور رہنمائی کی فراہمی کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے، جنہیں سعودی حکام نے بھی سراہا۔ پاکستانی حج مشن کی جانب سے عازمین کی شکایات کے فوری ازالے اور فیلڈ میں مؤثر انتظامی نگرانی کو بھی کامیابی کی اہم وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستانی حج مشن کی دیانتداری کی مثال، گم شدہ رقم عازمِ حج کے حوالے
اس موقع پر سعودی وزیر حج و عمرہ نے آئندہ حج سیزن 1448 ہجری کی پالیسی، منصوبہ بندی اور مختلف مراحل کے لیے نئی ٹائم لائنز کا بھی اعلان کیا۔ سعودی حکام کے مطابق 12 ذوالحج 1447 ہجری سے باقاعدہ طور پر حج 1448 ہجری کی تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ مختلف ممالک کے حج مشن بروقت انتظامات مکمل کر سکیں۔
مبصرین کے مطابق مسلسل دوسری بار یہ اعزاز حاصل کرنا پاکستان حج مشن کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے، جو نہ صرف انتظامی صلاحیتوں بلکہ پاکستانی عازمین کو فراہم کی جانے والی خدمات کے اعلیٰ معیار کی بھی عکاسی کرتا ہے۔












