جنوب مغربی انگلینڈ میں برطانوی رائل نیوی (برطانوی بحریہ) کا ایک ہیلی کاپٹر تربیتی مشق کے دوران گر کر تباہ ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں عملے کے 3 ارکان موقع پر ہی ہلاک ہو گئے ہیں۔
برطانوی وزارتِ دفاع نے بدھ کو ایک باضابطہ بیان جاری کرتے ہوئے اس المناک اور ہولناک حادثے کی تصدیق کر دی ہے۔
ڈیون کے قریب علی الصبح پیش آنے والا حادثہ
رائل نیوی کے ترجمان نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے انتہائی رنج و غم کا اظہار کیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ’یہ بڑے افسوس کے ساتھ ہے کہ ہم تصدیق کر رہے ہیں کہ رائل نیوی کے 3 ارکان بدھ 3 جون کو صبح 04:00 بجے سے کچھ پہلے سورٹن، ڈیون کے قریب ہیلی کاپٹر تربیتی مشق کے دوران ہلاک ہو گئے ہیں‘۔
وزارتِ دفاع کا تعزیتی بیان اور تحقیقات کا آغاز
برطانوی وزارتِ دفاع کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ حادثہ کاؤنٹی آف ڈیون کے ایک چھوٹے سے گاؤں سورٹن کے قریب اس وقت پیش آیا جب رائل نیوی کی ٹیم ایک اہم تربیتی سیشن میں مصروف تھی۔
یہ بھی پڑھیں:روس میں فوجی ہیلی کاپٹر تباہ، 5 افراد ہلاک، حادثے کی ویڈیو وائرل
بحریہ کے ترجمان نے حادثے کی فوری وجہ بتائے بغیر کہا کہ ’ہمارے خیالات اور تمام تر ہمدردیاں اس انتہائی افسوسناک اور غمزدہ وقت میں ہلاک ہونے والے اہلکاروں کے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ ہیں‘۔
برطانوی فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، جو اس بات کا تعین کرے گی کہ آیا حادثہ کسی فنی خرابی کے باعث پیش آیا یا اس کی وجہ خراب موسم تھا۔














