وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے وفاقی بجٹ 27-2026 پیش کرتے ہوئے چھوٹے تاجروں اور دکانداروں کے لیے ایک نیا اور آسان ‘فکسڈ ٹیکس سسٹم’ متعارف کرانے کی تجویز پیش کی ہے۔
حکومت کے مطابق اس اقدام کا مقصد ٹیکس نظام کو سادہ بنانا، رضاکارانہ ٹیکس ادائیگی کی حوصلہ افزائی کرنا اور چھوٹے کاروباروں کو غیر ضروری پیچیدگیوں سے بچانا ہے۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ یہ تجویز انکم ٹیکس آرڈیننس کے سیکشن 1993 کے تحت دی جا رہی ہے۔
کن دکانداروں کو فائدہ ملے گا؟
مجوزہ نظام کے تحت وہ دکاندار اور چھوٹے کاروباری حضرات اس اسکیم سے فائدہ اٹھا سکیں گے جن کی سالانہ فروخت 5 کروڑ روپے یا اس سے کم ہو۔
یہ بھی پڑھیں:حکومت کا چھوٹے دکانداروں کے لیے تاریخی ریلیف، فکس ٹیکس اسکیم کا اعلان
اس اسکیم میں شامل ہونے والے دکاندار اپنی سالانہ فروخت کا صرف ایک فیصد ٹیکس ادا کریں گے، جبکہ وہ پہلے سے کٹوتی شدہ ود ہولڈنگ ٹیکس کو بھی اپنے واجب الادا ٹیکس میں ایڈجسٹ کر سکیں گے۔ تاہم گوشوارہ جمع کراتے وقت کم از کم 25 ہزار روپے ٹیکس جمع کرانا لازمی ہوگا۔
معمول کے آڈٹ اور اضافی ذمہ داریوں سے استثنیٰ
وزیر خزانہ کے مطابق اس اسکیم میں شامل تاجروں کو متعدد انتظامی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ فکسڈ ٹیکس سسٹم اختیار کرنے والے دکانداروں کا معمول کے مطابق آڈٹ نہیں کیا جائے گا، جبکہ خریداری کے وقت ود ہولڈنگ ٹیکس کی کٹوتی اور جمع کرانے کی ذمہ داری بھی ان پر عائد نہیں ہوگی۔
اسی طرح انہیں ‘پوائنٹ آف سیل‘ (پی او ایس) مشین نصب کرنے کی شرط سے بھی استثنا حاصل ہوگا۔
سبز سرٹیفکیٹ اور کیو آر کوڈ کا اجراء
حکومت نے اس اسکیم کے تحت رجسٹرڈ دکانداروں کے لیے ایک منفرد شناختی نظام بھی تجویز کیا ہے۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ فکسڈ ٹیکس سسٹم کا انتخاب کرنے والے ہر دکاندار کو سبز رنگ کا ایک خصوصی سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا، جس پر تصدیقی کیو آر کوڈ درج ہوگا۔
یہ سرٹیفکیٹ دکان پر نمایاں مقام پر آویزاں کرنا ہوگا تاکہ صارفین اور متعلقہ ادارے اس کی تصدیق کر سکیں۔
ایف بی آر اہلکاروں کے اختیارات محدود
محمد اورنگزیب نے کہا کہ اگر کسی دکان پر یہ تصدیق شدہ سرٹیفکیٹ آویزاں ہوگا تو ایف بی آر اہلکاروں کو معمول کی پوچھ گچھ کے لیے دکان میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔ حکومت کے مطابق اس اقدام کا مقصد چھوٹے تاجروں کو غیر ضروری مداخلت اور ہراسانی سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔
ایک صفحے کا آسان ٹیکس گوشوارہ
وزیر خزانہ نے مزید بتایا کہ اس اسکیم کے تحت انتہائی سادہ اور مختصر ایک صفحے پر مشتمل ٹیکس گوشوارہ متعارف کرایا جائے گا۔
یہ گوشوارہ اردو کے علاوہ ملک کی تمام بڑی مقامی زبانوں میں بھی دستیاب ہوگا تاکہ مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے تاجر آسانی سے اپنی ٹیکس ذمہ داریاں پوری کر سکیں۔
چھوٹے کاروباروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی کوشش
وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ فکسڈ ٹیکس سسٹم کا مقصد چھوٹے کاروباروں کے لیے ٹیکس نظام کو آسان بنانا، دستاویزی معیشت کو فروغ دینا اور زیادہ سے زیادہ تاجروں کو رضاکارانہ طور پر ٹیکس نیٹ میں شامل کرنا ہے۔
تاجروں کے لیے مجوزہ سہولتوں کو بجٹ 27-2026 کے اہم اقدامات میں شمار کیا جا رہا ہے، جس سے لاکھوں چھوٹے کاروباری افراد کو براہِ راست فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔














