امریکا اور ایران کے امن معاہدے کا عالمی سطح پر خیرمقدم، پاکستان کے ثالثی کردار کی تعریف

پیر 15 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

دنیا بھر کے رہنماؤں نے امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والے امن معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے سفارتی میدان میں ایک بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔

عالمی رہنماؤں نے خطے میں کشیدگی کے خاتمے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے مذاکرات میں پاکستان کے کردار کی بھی تعریف کی۔

امریکی اور ایرانی حکام نے اتوار کو اعلان کیا کہ دونوں ممالک جنگ کے خاتمے، ایران پر امریکی محاصرے کے خاتمے اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے لیے ایک فریم ورک پر متفق ہو گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدہ طے پاگیا، وزیراعظم شہباز شریف اور ڈونلڈ ٹرمپ نے تصدیق کردی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ معاہدہ اب مکمل ہو چکا ہے۔

ان کے بیان سے کچھ دیر قبل ثالثی کی کوششوں میں پیش پیش وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا تھا کہ مقامی وقت کے مطابق پیر کی صبح ایک معاہدہ طے پا گیا ہے۔

مفاہمتی یادداشت پر باضابطہ دستخط جمعہ کے روز سوئٹزرلینڈ میں متوقع ہیں۔

مزید پڑھیں: امریکا ایران امن معاہدہ، تیل کی قیمتیں مارچ کے بعد کم ترین سطح پر آ گئیں

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے امریکا اور ایران کے امن معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے تنازع کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔

انہوں نے واشنگٹن اور تہران کو فوری اور مستقل جنگ بندی، آبنائے ہرمز کی بحالی اور مزید مذاکرات کے فریم ورک پر اتفاق کرنے پر مبارکباد دی۔

گوتریس نے پاکستان، قطر، مصر، سعودی عرب، ترکیہ اور دیگر علاقائی ممالک کے کردار کو بھی سراہا جنہوں نے مذاکرات کی کامیابی میں تعمیری کردار ادا کیا۔

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے اس معاہدے کو خطے میں امن اور استحکام کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔

انہوں نے پاکستان کی جانب سے ثالثی  کیغیرمعمولی کوششوں کو سراہتے ہوئے امریکا اور ایران کی قیادت کی تعریف کی، جبکہ قطر اور سعودی عرب کی سفارتی معاونت کو بھی اہم قرار دیا۔

آسٹریلوی وزیر اعظم انتھونی البانیز نے کہا کہ ان کی حکومت امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے معاہدے کا خیرمقدم کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا طویل عرصے سے کشیدگی میں کمی اور جنگ کے خاتمے کا مطالبہ کرتا رہا ہے، جبکہ پاکستان، قطر، سعودی عرب، ترکیہ اور دیگر ثالثی کرنے والے ممالک کی کوششوں کو بھی سراہا۔

برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے معاہدے کو جنگ کے خاتمے، علاقائی استحکام اور آبنائے ہرمز کی بحالی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔

انہوں نے صدر ٹرمپ اور پاکستان، قطر سمیت دیگر ثالث ممالک کو اس سفارتی کامیابی پر مبارکباد دی۔

فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس پر فوری اور مکمل عملدرآمد پر زور دیا، انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ آبنائے ہرمز کو فوری اور غیرمشروط طور پر کھولنے کی راہ ہموار کرے گا۔

قطر کے وزیر اعظم محمد بن عبدالرحمان بن جاسم الثانی نے امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر اتفاق کا خیرمقدم کیا۔

انہوں نے پاکستان اور دیگر علاقائی و بین الاقوامی فریقین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششوں نے معاہدے کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا۔

جرمن چانسلر فریڈرک میرز نے اس معاہدے کو ایک اہم سفارتی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ عالمی معیشت اور مشرقِ وسطیٰ میں استحکام کے لیے نئی راہیں کھول سکتا ہے۔

جاپانی وزیر اعظم سانائے تاکائیچی نے امید ظاہر کی کہ آبنائے ہرمز میں محفوظ اور آزادانہ جہازرانی یقینی بنائی جائے گی اور ایران کے جوہری پروگرام سمیت دیگر معاملات پر بھی جلد حتمی معاہدہ ہو جائے گا۔

 انہوں نے ثالثی میں شامل ممالک کی کوششوں کو بھی سراہا۔

نیوزی لینڈ کے وزیر خارجہ ونسٹن پیٹرز نے اس معاہدے کو کشیدگی میں کمی اور استحکام کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ دیرینہ مسائل کے حل کے لیے مکالمہ اور سفارت کاری ہی سب سے مؤثر راستہ ہیں۔

برطانیہ، فرانس، جرمنی اور اٹلی پر مشتمل ای-4 ممالک نے مشترکہ بیان میں کہا کہ اگر ایران اپنے جوہری پروگرام سے متعلق اقدامات کرتا ہے تو وہ اس کے بدلے میں ایران پر عائد پابندیاں اٹھانے کے لیے تیار ہیں۔

مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ ایران کو کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیے جائیں گے، اور ہم اس مقصد کے لیے امریکا، ایران اور بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

کیا ٹام ہالینڈ ہمیشہ کے لیے اسپائیڈر مین کو الوداع کہنے والے ہیں؟

وزیراعظم نے ورلڈ بینک کی مالیاتی رپورٹ کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطح کمیٹی قائم کر دی

ترک اپوزیشن پارٹی کے میئر اردال بشکچی اوغلو کرپشن کے الزام میں گرفتار

پاکستان کو وار رسک انشورنس فہرست سے نکالنے کا فیصلہ، اسحاق ڈار کا خیرمقدم

لائیوآئین کا آرٹیکل 5 واضح طور پر کہتا ہے کہ وفاداری صرف ریاست ہوگی، کسی قومیت سے نہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر

ویڈیو

دہشتگردی سے متاثرہ افراد کے معاوضوں میں بڑا اضافہ، بلوچستان حکومت نے نئی مالی امدادی پالیسی نافذ کر دی

حماس کے مکمل غیر مسلح ہونے پر تاریخی معاہدہ، غزہ سے اسرائیلی انخلا اور نئی فلسطینی حکومت کی راہ ہموار، صدر ڈونلڈ ٹرمپ

فون گرو فارم خانیوال: جدید زراعت اور لائیو اسٹاک کی ترقی کا ایک مثالی ماڈل

کالم / تجزیہ

پاکستان کویت شراکت داری کا نیا دور

نئے صوبوں کی حمایت کیوں؟

’جیسا پہلے کبھی نہ دیکھا گیا‘