امریکی فضائیہ کا ایک بی-52 اسٹریٹوفورٹریس اسٹریٹجک بمبار طیارہ پیر کے روز ریاست کیلیفورنیا میں ایڈورڈز ایئر فورس بیس سے اڑان بھرنے کے فوراً بعد حادثے کا شکار ہو گیا۔
ایڈورڈز ایئر فورس بیس کے مطابق طیارہ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 11 بج کر 20 منٹ پر ہوائی اڈے کے احاطے میں گر کر تباہ ہوا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ہنگامی امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی و ریسکیو کارروائیاں شروع کر دیں۔
یہ بھی پڑھیں: واشنگٹن میں امریکی لڑاکا طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ محفوظ
حکام نے تاحال حادثے کی وجوہات یا طیارے میں سوار افراد کی حالت کے بارے میں کوئی تفصیلات جاری نہیں کیں۔
حادثے کے بعد سوشل میڈیا پر متعدد ویڈیوز سامنے آئیں جن میں ایئر فیلڈ کے قریب سیاہ دھوئیں کے بڑے بادل اٹھتے ہوئے دکھائی دیے۔
یہ ویڈیوز تیزی سے وائرل ہو گئیں جبکہ امدادی اہلکار جائے وقوعہ پر کارروائیوں میں مصروف رہے۔
B2 bomber crash lands in the US: A B-52 Stratofortress bomber crashed at Edwards Air Force base in California
Prayers for the crew and service personnel. pic.twitter.com/4JNqA1pbs0
— nigerianoise.com (@nigerianoise) June 15, 2026
بی-52 اسٹریٹوفورٹریس امریکی فوج کے طویل فاصلے تک مار کرنے والے معروف بمبار طیاروں میں شمار ہوتا ہے اور 7 دہائیوں سے زائد عرصے سے فعال خدمات انجام دے رہا ہے۔
یہ طیارہ روایتی اور جوہری دونوں اقسام کے ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور عموماً 5 رکنی عملہ اسے چلاتا ہے۔
ایڈورڈز ایئر فورس بیس، جو کیلیفورنیا کے موجاوے صحرا میں واقع ہے، امریکی فضائیہ کی اہم ترین فضائی آزمائشی تنصیبات میں شامل ہے۔ یہاں 412ویں ٹیسٹ وِنگ اور ایئر فورس ٹیسٹ پائلٹ اسکول بھی موجود ہیں۔
مزید پڑھیں: امریکا میں اسکائی ڈائیونگ طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ سمیت 12 افراد ہلاک
یہ حادثہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب امریکی فوج جدید کاری کے منصوبوں کے ساتھ ساتھ اپنے پرانے مگر مؤثر بی 52 بمبار بیڑے پر بدستور انحصار کر رہی ہے اور ان طیاروں کی آپریشنل مدت میں توسیع کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات میں پیش رفت کے ساتھ حادثے سے متعلق مزید معلومات جاری کی جائیں گی۔














