فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ ایل کے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے میں گھانا نے پاناما کو ایک صفر سے شکست دے دی۔ ٹورنٹو میں کھیلے گئے میچ کا فیصلہ کن گول کیلِب یرینکی نے دوسرے ہاف کے اضافی وقت کے پانچویں منٹ میں اس وقت کیا جب میچ اختتام کی جانب بڑھ رہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:زیدان اقبال فیفا ورلڈ کپ کھیلنے والے پہلے پاکستانی نژاد فٹبالر بن گئے
دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ ابتدا میں انتہائی محتاط انداز میں کھیلا گیا اور پہلے ہاف میں کوئی بھی ٹیم واضح برتری حاصل نہ کر سکی۔ پاناما نے پہلے ہاف میں نسبتاً بہتر کھیل پیش کیا اور چند مواقع بھی پیدا کیے، تاہم گھانا کے گول کیپر لارنس اٹی زیگی نے اہم دفاعی کردار ادا کرتے ہوئے حریف کے حملوں کو ناکام بنایا۔
Ghana kicked off their 2026 FIFA World Cup campaign with a dramatic 1-0 victory over Panama in their opening Group L encounter. For much of the match, the contest struggled to come to life and appeared destined to end goalless. However, Caleb Yirenkyi emerged as the hero, scoring… pic.twitter.com/ofJRdTfqLK
— YTA (@zuegens80) June 18, 2026
دوسرے ہاف میں کھیل کی رفتار میں اضافہ ہوا اور گھانا نے زیادہ جارحانہ انداز اختیار کیا۔ میچ کے آخری لمحات تک دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں، لیکن اضافی وقت میں گھانا نے تیز جوابی حملہ کیا۔ برینڈن تھامس آسانٹے نے گیند کو بائیں جانب سے گول کے قریب پہنچایا اور درمیان میں موجود کیلِب یرینکی کو پاس دیا، جسے انہوں نے آسانی سے جال میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو کامیابی دلا دی۔
گول کے بعد میدان میں تلخ کلامی اور کھلاڑیوں کے درمیان دھکم پیل بھی ہوئی، تاہم ریفری نے صورتحال پر قابو پاتے ہوئے میچ کا اختتام گھانا کی فتح پر کیا۔
یہ بھی پڑھیں:فیفا ورلڈ کپ: یوراگوئے، ایران اور بیلجیئم کو افتتاحی میچوں میں ڈراز کا سامنا
یہ کامیابی گروپ ایل میں گھانا کے لیے انتہائی اہم قرار دی جا رہی ہے کیونکہ دونوں ٹیمیں گروپ میں تیسری پوزیشن کی دوڑ میں اہم حریف سمجھی جا رہی ہیں۔ اسی گروپ میں اس سے قبل انگلینڈ نے کروشیا کو چار دو سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کیا تھا۔
گھانا 5ویں مرتبہ گزشتہ 6 ورلڈ کپ مقابلوں میں شریک ہے، جبکہ اس کی بہترین کارکردگی 2010 کے ورلڈ کپ میں کوارٹر فائنل تک رسائی تھی۔ دوسری جانب پاناما صرف دوسری مرتبہ عالمی کپ میں شریک ہے۔ دونوں ٹیمیں اب اگلے میچوں میں بالترتیب انگلینڈ اور کروشیا کا سامنا کریں گی۔













