بھارت کے شہر کولکتہ میں ایک آسٹریلوی سیاح کے ساتھ مبینہ ہراسانی کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد شدید بحث شروع ہو گئی ہے۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک غیر ملکی سیاح سڑک پر چل رہا ہوتا ہے جب ایک نوجوان اس کے قریب آ کر غیر مناسب انداز میں گفتگو شروع کرتا ہے اور بار بار اسے بوسہ دینے کا اصرار کرتا ہے۔ ویڈیو میں نوجوان کو ’کِس می ہیئر‘ کہتے ہوئے سیاح کی جانب اشارہ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
Australian tourist says he was harassed on a Kolkata street after a young boy repeatedly asked him for a kiss and held his hand despite being refused. pic.twitter.com/tJ0yWi2yyK
— The News Drill™ (@thenewsdrill) June 18, 2026
بھارتی میڈیا کے مطابق سیاح صورتحال سے واضح طور پر پریشان نظر آتا ہے اور جواب دیتا ہے کہ وہ اس بات پر راضی نہیں ہے۔ تاہم ویڈیو کے مطابق نوجوان اس کے باوجود پیچھا کرتا رہتا ہے اور ایک موقع پر اس کا ہاتھ بھی پکڑ لیتا ہے جب سیاح وہاں سے جانے کی کوشش کرتا ہے۔
سیاح ویڈیو میں صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے کہتا ہے کہ اسے سڑک پر اس طرح کے رویے کا سامنا کرنا پڑا جو اس کے لیے ناخوشگوار تھا۔ واقعے کے بعد اس نے اپنی ویڈیو میں اس تجربے کو تکلیف دہ قرار دیا۔
یہ ویڈیو انسٹاگرام پر ایک صارف کی جانب سے شیئر کی گئی، جس کے بعد یہ تیزی سے وائرل ہو گئی۔ ویڈیو پر موجود متن میں کولکاتا کے بعض علاقوں کے حوالے سے سوال بھی اٹھائے گئے ہیں، جس نے سوشل میڈیا پر مزید بحث کو جنم دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بھارت خواتین کے لیے غیر محفوظ، کورین سیاح کے سماجی تجربے نے ہلچل مچا دی، ویڈیو وائرل
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس واقعے پر ملے جلے ردعمل سامنے آئے ہیں۔ کچھ صارفین نے نوجوان کے رویے کی مذمت کرتے ہوئے اسے غیر مناسب قرار دیا اور حکام سے کارروائی کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی سیاحوں کے ساتھ اس طرح کا رویہ ملک کی ساکھ کو متاثر کرتا ہے۔
دوسری جانب بعض صارفین نے سیاح کے ایسے علاقوں میں جانے پر سوالات اٹھائے اور کہا کہ بعض اوقات سیاح غیر معروف یا کم محفوظ علاقوں کا رخ کرتے ہیں جہاں ایسے واقعات کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔
واقعے کی ویڈیو کو اب تک لاکھوں بار دیکھا جا چکا ہے اور اس پر ہزاروں تبصرے کیے جا چکے ہیں، جبکہ مقامی حکام کی جانب سے تاحال باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔














