ایپل نے 15 سال سے جاری اپنی روایتی ایک ساتھ خزاں میں آئی فون لانچ کرنے کی حکمت عملی تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق 2027 سے کمپنی آئی فون ماڈلز کو 2 مختلف سیزنز میں متعارف کرائے گی۔
رپورٹس کے مطابق خزاں 2026 میں ایپل آئی فون 18 پرو اور فولڈیبل آئی فون متعارف کرانے کا ارادہ رکھتا ہے، جبکہ اس کے چند ماہ بعد 2027 کے موسم بہار میں آئی فون 18، آئی فون 18e اور آئی فون ایئر 2 کو پیش کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ایپل صارفین کیلئے بُری خبر، مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کا عندیہ
یہ نئی حکمت عملی ایپل کی بڑھتی ہوئی مصنوعات کی تعداد کو بہتر انداز میں منظم کرنے کے لیے اپنائی جا رہی ہے۔ کمپنی کے آئی فون ماڈلز کی تعداد گزشتہ برسوں میں 4 سے بڑھ کر 6 تک پہنچ چکی ہے۔
نئی پالیسی کے تحت ایپل سال میں 2 مرتبہ صارفین کی توجہ حاصل کرنے کی کوشش کرے گا۔ مہنگے ماڈلز خریدنے کے خواہش مند صارفین خزاں میں پرو اور جدید فولڈیبل ڈیوائسز حاصل کر سکیں گے، جبکہ نسبتاً کم قیمت والے متبادل موسم بہار میں دستیاب ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ایپل صارفین کے لیے خوشخبری، اہم سافٹ ویئراَپ ڈیٹ لانچ، آپ کا فون بھی ہوگا پہلے سے کہیں زیادہ اسمارٹ
آئی فون 18e بجٹ کے لحاظ سے موزوں صارفین کے لیے تیار کیا جا رہا ہے، جبکہ عام آئی فون 18 درمیانی درجے کی مارکیٹ کو ہدف بنائے گا۔ دوسری جانب آئی فون ایئر 2 گزشتہ سال متعارف کرائے گئے پتلے ڈیزائن والے ماڈل کا بہتر ورژن ہوگا۔
رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ فولڈیبل آئی فون ایپل کی اہم نئی پیشکش ہے، تاہم اگر پیداوار میں مشکلات پیش آئیں تو کمپنی اس کے بغیر بھی خزاں کی لانچ تقریب منعقد کر سکتی ہے۔














