لارڈز کی پچ پر سوالات، ڈبلیو ٹی سی فائنل کی میزبانی اوول منتقل ہونے کا امکان

اتوار 21 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) کے فائنل کی تاریخی وینیو لارڈز سے میزبانی واپس لیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس پر کرکٹ حلقوں میں نئی بحث شروع ہو گئی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق  انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان حالیہ لارڈز ٹیسٹ کے دوران پچ کی کارکردگی پر آئی سی سی کی جانب سے غیر اطمینان بخش ریٹنگ دی گئی، جس کے بعد ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کی میزبانی کے حوالے سے بھی سوالات اٹھ گئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق اگر صورتحال برقرار رہی تو ممکن ہے کہ 2025–2031 سائیکل کے تحت شیڈولڈ ڈبلیو ٹی سی فائنل کو لارڈز کے بجائے لندن کے دوسرے معروف اسٹیڈیم اوول منتقل کر دیا جائے۔ تاہم اس حوالے سے تاحال کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔

برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 2031 تک ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنلز کی میزبانی انگلینڈ کو سونپ رکھی ہے، اس لیے کسی بھی ممکنہ تبدیلی کا فیصلہ انتظامی اور تکنیکی بنیادوں پر کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:لارڈز اور قذافی اسٹیڈیم کی پچز غیر تسلی بخش قرار، ایک ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دے دیا گیا

ادھر یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ میزبانی میں ممکنہ تبدیلی کے باوجود لارڈز اسپورٹس گراؤنڈ اپنے شیڈول کے مطابق ٹیسٹ میچز کی میزبانی جاری رکھے گا، اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے ساتھ معاہدے کے تحت اسے کم از کم دو ٹیسٹ میچز کی میزبانی لازمی طور پر دی جائے گی۔

مزید رپورٹس کے مطابق اولڈ ٹریفورڈ میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان شیڈول ایک ٹیسٹ میچ بھی انتظامی تبدیلی کی صورت میں لارڈز منتقل کیا جا سکتا ہے۔

کرکٹ ماہرین کے مطابق یہ صورتحال نہ صرف ڈبلیو ٹی سی فائنل کے مقام کے حوالے سے اہم ہے بلکہ انگلینڈ میں ٹیسٹ کرکٹ کی روایتی وینیوز پالیسی پر بھی اثر انداز ہو سکتی ہے، تاہم آئی سی سی کی جانب سے حتمی اعلان کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp