ہانگ کانگ حکومت نے شہر میں شرحِ پیدائش بڑھانے کے لیے 2023 سے اب تک نوزائیدہ بچوں کے والدین کو مجموعی طور پر 18 کروڑ ہانگ کانگ ڈالر کے ’بے بی بونس‘ ادا کیے ہیں۔
یہ بات محنت و بہبود کے سیکریٹری کرس سن یوک ہان نے قانون ساز کونسل میں ایک سوال کے جواب میں بتائی، واضح رہے کہ 2024 میں ہانگ کانگ کی شرحِ افزائشِ نسل صرف 0.841 ریکارڈ کی گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ 31 مئی 2026 تک ہانگ کانگ خصوصی انتظامی خطے کی حکومت 71 ہزار 866 نوزائیدہ بچوں کے والدین کو ایک مرتبہ ملنے والا 20 ہزار ہانگ کانگ ڈالر کا بونس فراہم کر چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ہانگ کانگ میں ریکارڈ ہلاکت خیز آگ نے بانس اسکیفولڈنگ پر سوالات اٹھادیے
یہ اسکیم اکتوبر 2023 میں چیف ایگزیکٹو جان لی کا-چیو کی جانب سے اعلان کردہ اقدامات کے تحت شروع کی گئی تھی، جس کا مقصد جوڑوں کو زیادہ بچوں کی پیدائش کی ترغیب دینا اور شہر میں انتہائی کم شرحِ افزائشِ نسل کو بہتر بنانا تھا۔
بیبی بونس پروگرام رواں سال اکتوبر میں ختم ہونے والا ہے، تاہم کرس سن کے مطابق حکومت اس اسکیم کا تفصیلی جائزہ لے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوزائیدہ بچوں کے بونس اسکیم کا جائزہ ابھی جاری ہے، جس میں اعداد و شمار کا تجزیہ اور متعلقہ امور پر گہری غور و فکر شامل ہے۔
[Recap] HK$1.4 billion given to parents with newborns, but Hong Kong birth rate fell to record low in 2025 https://t.co/Mgt35tuH4U
— Hong Kong Free Press HKFP (@hkfp) June 17, 2026
ان کا کہنا تھا کہ حکومت اس اسکیم کے حوالے سے قانون ساز کونسل کے ارکان اور عوام کی آرا اور تجاویز کو بھی مدنظر رکھے گی۔
کرس سن نے بتایا کہ حکومت بچوں کی پیدائش کی حوصلہ افزائی کے لیے ٹیکس مراعات بھی متعارف کرا رہی ہے، جن کے تحت نومولود بچوں کے لیے اضافی چائلڈ الاؤنس کے دعوے کی مدت میں توسیع اور بنیادی و اضافی چائلڈ الاؤنس کو بڑھا کر 1 لاکھ 40 ہزار ہانگ کانگ ڈالر کیا جائے گا۔
یہ اقدامات ٹیکس سال 2026-27 سے نافذ ہوں گے۔

کام کرنے والے خاندانوں کی معاونت کے لیے حکومت بچوں کی نگہداشت کی سہولیات بھی بڑھا رہی ہے، اس سلسلے میں 23-2022 میں 15 امداد یافتہ چائلڈ کیئر مراکز کی تعداد بڑھا کر 2029 کے اختتام تک 36 کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بچوں کی نگہداشت کی خدمات کی گنجائش بھی تقریباً 3 گنا بڑھائی جا رہی ہے، جو ایک ہزار سے بڑھ کر 3 ہزار مقامات تک پہنچ جائے گی، تاکہ والدین کو بچوں کی پرورش میں سہولت فراہم کی جا سکے۔
مزید پڑھیں: ہانگ کانگ: کارگو طیارہ رن وے سے پھسل کر سمندر میں جاگرا، 2 افراد ہلاک
مزید برآں، معاون تولیدی خدمات کے فروغ کے لیے اسپتال اتھارٹی نے 2024 سے 5 سالہ منصوبے کے تحت آئی وی ایف علاج کی سالانہ گنجائش 1,100 سے بڑھا کر 1,800 کرنے کا عمل شروع کر رکھا ہے۔














