ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران اور پاکستان کے درمیان قریبی تعلقات منفرد نوعیت کے حامل ہیں۔ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط پاکستان پر اعتماد کی بدولت ممکن ہوئے۔
وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان اور ایران یک جان دو قالب کی طرح ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان ہمارا ہمسایہ ہی نہیں، ہمارا بھائی اور دوست ملک ہے، دونوں ملکوں کے عوام کی منزل ایک ہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ مستقبل میں ایران اور پاکستان کے تعلقات مضبوط ہوں گے، ایرانی عوام اور حکومت پاکستانی حکومت اور عوام کے حمایت پر شکر گزار ہیں۔
انہوں نے کہاکہ امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے پاکستان کے اہم کردار کے متعرف ہیں، مذاکراتی عمل میں پاکستان نے بہترین کردار ادا کیا۔
ایرانی صدر نے کہاکہ دورہ پاکستان کے لیے دعوت پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکر گزار ہوں، پاکستان کے صدر، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے تعمیری ملاقاتیں ہوئی ہیں۔
اس موقع پر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہاکہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت بڑی کامیابی ہے۔ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان پائیدار امن معاہدے تک اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت بڑی کامیابی ہے، مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد اس دورے پر بے حد خوشی ہوئی اور وہ ایرانی صدر کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔
ایران کے میزائل پروگرام کی حمایت کا اعلان
وزیراعظم نے ایران کے میزائل پروگرام کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ ایران کا میزائل کا کبھی مذاکرات کا حصہ نہیں بنا، یہ نہیں ہو سکتا کہ دوسرے ممالک کے پاس میزائل ہوں اور ایران کے پاس نہ ہوں۔
مزید پڑھیں: ایرانی صدر سے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ملاقات، باہمی دلچسپی، خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال
واضح رہے کہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان پاکستان کے ایک روزہ دورے پر ہیں، اس سے قبل پاکستان پہنچنے پر صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے نور خان ایئربیس پر ان کا استقبال کیا۔














