اسلام آباد میں انسانی پلاسنٹا کی مبینہ اسمگلنگ کا نیٹ ورک پکڑا گیا، 3 غیر ملکی باشندوں سمیت 5 افراد گرفتار

ہفتہ 27 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے اسلام آباد میں انسانی نال (پلاسنٹا) کی مبینہ غیر قانونی پروسیسنگ اور اسمگلنگ میں ملوث نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 5 افراد کو گرفتار کر لیا ہے، جن میں 3 چینی باشندے بھی شامل ہیں۔

ایف آئی اے کے مطابق اسلام آباد کے سیکٹر ایف-7 میں ایک گھر پر چھاپے کے دوران انسانی اعضا، بالخصوص انسانی نال کی غیر قانونی پروسیسنگ کے لیے قائم مبینہ پلانٹ پکڑا گیا۔ کارروائی کے دوران مشینری، تیار مصنوعات اور دیگر سامان برآمد کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:انسانی اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ کے خلاف ٹرمپ کا نیا ایگزیکٹو آرڈر

حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان انسانی نال کو غیر قانونی طور پر خشک اور پروسیس کرتے تھے، جس کے بعد تیار شدہ مصنوعات کو ویتنام برآمد کیا جاتا تھا۔ یہ مصنوعات مبینہ طور پر ’شی پلاسنٹا‘ کے نام سے بھیجی جاتی تھیں۔

ایف آئی اے کے مطابق گرفتار افراد میں 3 چینی شہری اور 2 پاکستانی شامل ہیں، جبکہ تحقیقات کے دوران اسی نیٹ ورک سے منسلک ایک اور مقام سیکٹر ای-11 میں بھی کارروائی کی گئی جہاں اسی نوعیت کا پروسیسنگ مرکز قائم تھا۔

انسانی نال حمل کے دوران بچے کو آکسیجن اور غذائی اجزا فراہم کرنے والا عضو ہوتا ہے، جو عام طور پر بچے کی پیدائش کے بعد ضائع کر دیا جاتا ہے یا تحقیق اور منظور شدہ طبی مقاصد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد کے بعد بٹگرام میں گدھے کا گوشت برآمد، مقامی مارکیٹوں میں سپلائی کا شبہ

ماہرین کے مطابق انسانی نال پر سائنسی تحقیق، جینیات، مدافعتی نظام اور بعض طبی شعبوں میں کام کیا جاتا ہے، جبکہ بعض مارکیٹوں میں نال سے حاصل شدہ اجزا کو جلد کی دیکھ بھال سے متعلق مصنوعات میں بھی شامل کیا جاتا ہے۔

ایف آئی اے نے گرفتار افراد کے خلاف انسانی اعضا کی پیوند کاری سے متعلق قانون کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں اس سے قبل بھی انسانی اعضا کی غیر قانونی خرید و فروخت اور پیوند کاری میں ملوث گروہوں کے خلاف کارروائیاں کی جا چکی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp