پی آئی کی نجکاری کا عمل مکمل ہونا نئے دور کا آغاز، معاشی اصلاحات کا سلسلہ جاری رہے گا، وزیراعظم شہباز شریف

پیر 29 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی نجکاری کے پہلے مالی مرحلے (فرسٹ فنانشل کلوزنگ) کی کامیاب تکمیل اور انتظامی کنٹرول سرمایہ کاروں کے کنسورشیم کو منتقل کیے جانے کو پاکستان کے معاشی اصلاحاتی سفر میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔

وزیراعظم نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ الحمدللہ، آج پاکستان کی معاشی اصلاحات کے سفر میں ایک اور اہم مرحلہ کامیابی سے طے ہوا ہے۔

شہباز شریف نے کہاکہ پی آئی اے کی نجکاری کے پہلے مالی مرحلے کی کامیاب تکمیل اور قومی ایئرلائن کا انتظامی کنٹرول سرمایہ کار کنسورشیم کو منتقل ہونا قومی فضائی کمپنی کے لیے ایک نئے باب کا آغاز ہے۔

انہوں نے کہاکہ پی آئی اے کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور اسے مزید مضبوط بنانے کے لیے ہونے والی انقلابی سرمایہ کاری کے ذریعے قومی ایئرلائن کی بحالی کی بنیاد رکھی جا رہی ہے، جبکہ اس اقدام سے پاکستان پر سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی مزید مستحکم ہوگا۔

وزیراعظم نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی تعریف کی۔

انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ان کی پوری ٹیم کو خصوصی خراجِ تحسین پیش کیا، جن کی لگن اور کاوشوں سے یہ اہم کامیابی ملی۔

وزیراعظم نے مشیر برائے نجکاری محمد علی، وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب، نجکاری کمیشن اور اس عمل میں شریک تمام افراد کی پیشہ ورانہ صلاحیت، عزم اور انتھک محنت کو بھی سراہتے ہوئے کہاکہ انہی کی کوششوں سے یہ تاریخی کامیابی ممکن ہوئی۔

مزید پڑھیں: پی آئی اے نجکاری: ماضی میں پرائیوٹائز ہونے والے ادارے بہتر ہوئے یا بدتر؟

شہباز شریف نے کہاکہ حکومت ایسی جرات مندانہ معاشی اصلاحات کا سلسلہ جاری رکھے گی جو ملکی معیشت کو مزید مضبوط کریں، عوام کے لیے نئے مواقع پیدا کریں اور پاکستان کے لیے زیادہ خوشحال مستقبل کی راہ ہموار کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp