میکسیکو کی ریاست جالسکو کے شہر لاگوس دے مورینو میں ایک پراسرار شخص جسے سوشل میڈیا پر ’میکسیکن بیٹ مین‘ کا نام دیا جا رہا ہے مبینہ موٹر سائیکل چوروں کو پکڑ کر ٹیپ کے ذریعے سڑک کے کھمبوں سے باندھنے اور پھر انہیں پولیس کے لیے چھوڑ جانے کی وجہ سے توجہ کا مرکز بن گیا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں چلتی گاڑی سے بکرا چوری، حیران کن واردات کی ویڈیو وائرل
مقامی میڈیا کے مطابق ’بیٹ مین‘ اب تک کم از کم 5 افراد کو پکڑ کر باندھ چکا ہے اور یہیں تک نہیں بلکہ وہ مبینہ چور کی پیشانی پر لفظ ’چور‘ بھی لکھ دیتا ہے اور مال مسروقہ بھی قریب ہی چھوڑ دیتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اس پراسرار شخص یا گروہ نے جون کے وسط میں اپنی کارروائیوں کا آغاز کیا۔ 13 جون کو پہلا شخص ایک کھمبے سے بندھا ہوا ملا جس کی پیشانی پر ’چور‘ لکھا ہوا تھا۔ اس کے قریب ایک چوری شدہ موٹر سائیکل بھی کھڑی تھی جس سے اندازہ لگایا گیا کہ زیر حراست شخص موٹر سائیکل چوری میں ملوث تھا۔
تاہم یہ صرف آغاز تھا کیونکہ اس کے بعد پولیس کو مزید کم از کم 4 افراد مختلف مقامات پر کھمبوں سے بندھی ہوئی حالت میں ملے جنہیں بھی موٹر سائیکل چوری سے جوڑا جا رہا ہے۔
اگرچہ مقامی آبادی کی بڑی تعداد کا خیال ہے کہ یہ کارروائیاں کسی ایک نامعلوم ’نگران انصاف پسند‘ شخص کی جانب سے کی جا رہی ہیں تاہم مقامی حکام کا کہنا ہے کہ اس امکان کو بھی نظرانداز نہیں کیا جا سکتا کہ اس کے پیچھے ایسے افراد کا کوئی گروہ ہو جو قانون کو اپنے ہاتھ میں لے رہا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اب تک پکڑے جانے والے افراد نے اس حوالے سے کوئی وضاحت فراہم نہیں کی۔
مزید پڑھیے: پیسے لے لیے مگر گاڑی نہیں ملی، صارف کے نئی کار خریدنے کے خواب چکنا چور
ریاست جالسکو کے سیکریٹری برائے عوامی تحفظ خوان پابلو ہرناندیز نے بتایا کہ ان واقعات کی تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ دار افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ کھمبوں سے بندھے ہوئے ملنے والے پانچوں افراد کو فی الحال متاثرہ افراد تصور کیا جا رہا ہے اور کسی بھی شخص کو خواہ اس کے مقاصد کچھ بھی ہوں قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
لاگوس دے مورینو کے اس پراسرار ’بیٹ مین‘ نے میکسیکو کے سوشل میڈیا پر بھی ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ بعض افراد اس طرز کے ’عوامی انصاف‘ کی شدید مذمت کر رہے ہیں جبکہ کچھ لوگ مبینہ کارروائی کرنے والے شخص یا گروہ کی حمایت کرتے نظر آتے ہیں۔
مزید پڑھیں: امریکا: ’ہوئے مر کے ہم جو رسوا‘، ایک مبینہ چور کی موت کے 128 برس بعد تدفین
واضح رہے کہ سنہ 2018 میں بھی میکسیکو کے شہر پورٹو ویارتا میں اسی نوعیت کا ایک پراسرار واقعہ سامنے آیا تھا جہاں کم از کم 11 افراد کو برہنہ حالت میں کھمبوں سے بندھا ہوا پایا گیا تھا جبکہ ان کے سروں کے پچھلے حصے پر انگریزی حرف ’آر‘ بھی تراشا گیا تھا۔ اس واقعے کا معمہ آج تک حل نہیں ہو سکا۔














