مستقبل میں خلا میں ادویات کی تیاری معمول بن سکتی ہے،  ماہرین کی پیشگوئی

جمعہ 3 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا کے 250 سالہ یومِ آزادی کے موقع پر خلائی ماہرین نے آئندہ 250 برس کے حوالے سے اہم پیشگوئیاں کرتے ہوئے کہا ہے کہ مستقبل میں خلائی معیشت میں غیرمعمولی وسعت آئے گی، سیارچوں سے معدنیات حاصل کی جائیں گی اور خلا میں ادویات کی تیاری معمول بن سکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق خلائی معیشت کا آغاز ہوچکا ہے، جہاں مواصلاتی سیٹلائٹس، خلائی تصاویر کی فروخت اور سیٹلائٹ انٹرنیٹ خدمات پہلے ہی عالمی معیشت کا حصہ بن چکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: چین کا خلائی صنعت کو وسعت دینے کا فیصلہ، تمام کمپنیاں ایک مرکز میں کام کریں گی

ان کا کہنا ہے کہ خلائی سیاحت بھی اب محض تصور نہیں رہی بلکہ حقیقت کا روپ دھار چکی ہے، جس سے مستقبل میں عام شہریوں کی خلا تک رسائی مزید آسان ہونے کی توقع ہے۔

ایم آئی ٹی کے ہیومن سسٹمز لیب کی ڈائریکٹر اور ناسا کی سابق نائب منتظم ڈیوہ نیومین نے کہا کہ خلا میں ادویات کی تیاری مستقبل کی اہم ترین صنعتوں میں شامل ہوسکتی ہے۔

 ان کے مطابق مائیکرو گریویٹی کے ماحول میں انتہائی خالص کرسٹل تیار کیے جاسکتے ہیں، جو ادویات کی تیاری میں نمایاں بہتری لاتے ہیں۔ انہوں نے اس حوالے سے ایک امریکی کمپنی کی جانب سے مدار میں دوا کی مستحکم شکل تیار کرنے کے کامیاب تجربے کا بھی حوالہ دیا۔

یہ بھی پڑھیں: انسان مریخ پر کہاں اترے گا؟ جگہ کا تعین ہو گیا

مستقبل کے امور کے ماہر اور فلکی طبیعیات دان ڈیوڈ برِن نے کہا کہ سیارچوں کی کان کنی آنے والے برسوں میں سب سے بڑی معاشی سرگرمی بن سکتی ہے۔ ان کے مطابق سیارچوں سے پانی، جو راکٹ ایندھن اور انسانی زندگی کے لیے اہم ہے، جبکہ لوہا، نکل اور پلاٹینم جیسی قیمتی دھاتیں حاصل کی جاسکیں گی۔

تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ خلائی تحقیق کی کامیابی کے لیے بین الاقوامی تعاون اور کھلا سائنسی ماحول ضروری ہے، ورنہ ترقی کی رفتار متاثر ہوسکتی ہے۔

ماہرین نے چاند یا مریخ پر بڑی انسانی آبادیاں بسانے کے تصور کو فی الحال غیر عملی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا مضبوط معاشی ماڈل موجود نہیں۔ ان کے مطابق مستقبل میں چاند پر چھوٹے سائنسی تحقیقی مراکز اور مستقل تحقیقی اڈے قائم کیے جا سکتے ہیں، جیسا کہ ناسا کے آرٹیمس پروگرام کا مقصد ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ناسا روور کی اہم کامیابی، مریخ پر ’منی لائٹننگ‘ کی موجودگی ثابت

خلائی ماہرین کا کہنا ہے کہ آنے والے 250 برس میں خلائی تحقیق انسانیت کے لیے نئے معاشی، سائنسی اور طبی امکانات کے دروازے کھول سکتی ہے، جن کا تصور آج بھی بہت سے لوگوں کے لیے حیران کن ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp