پاکستان ترکیہ ڈیجیٹل تعاون: وزیراعظم شہباز شریف کی ترک کمپنی کو سرمایہ کاری کی پیشکش

ہفتہ 4 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے ترکیہ کی معروف ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی ’ترک سیل‘ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر علی طحہٰ کوچ نے استنبول میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان ڈیجیٹل اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے اور مشترکہ منصوبوں کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستان ترکیہ ڈیجیٹل کوریڈور کے قیام پر زور

ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیجیٹل اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دونوں برادر ممالک کے درمیان تعاون کو مزید گہرا کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے حکومت کے ’پاکستان ترکیہ ڈیجیٹل کوریڈور‘ کے وژن سے آگاہ کیا۔

مزید پڑھیں: کیا پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کی بیٹھک اسلامی اتحاد کی طرف اہم قدم ہے؟

انہوں نے کہاکہ اس منصوبے کا مقصد علاقائی ڈیجیٹل رابطوں کو مضبوط بنانا، سرحد پار محفوظ ڈیٹا کے تبادلے کو آسان بنانا اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے انضمام کو فروغ دینا ہے۔

ترک سیل کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت

وزیراعظم نے پاکستان کے تیزی سے ترقی کرتے ہوئے ڈیجیٹل منظرنامے کو اجاگر کرتے ہوئے ترک سیل کو دعوت دی کہ وہ پاکستانی اداروں کے ساتھ طویل المدتی تعاون کے امکانات کا جائزہ لے۔

انہوں نے کہاکہ 5 جی کے نفاذ، نیٹ ورک کی بہتری (آپٹیمائزیشن)، اسپیکٹرم مینجمنٹ، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی ترقی اور ٹیکنالوجی کی منتقلی جیسے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان مؤثر شراکت داری قائم کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کمپنی کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ ٹیلی کمیونیکیشن آلات کی مقامی تیاری، سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ، ڈیجیٹل مہارتوں کے فروغ اور استعداد کار بڑھانے کے منصوبوں میں بھی سرمایہ کاری اور شراکت داری پر غور کرے۔

وزیراعظم کے مطابق اس نوعیت کا تعاون نہ صرف پاکستان کے ٹیکنالوجی ایکو سسٹم کو مضبوط بنائےگا بلکہ جدت، روزگار کے نئے مواقع اور پائیدار اقتصادی ترقی کو بھی فروغ دےگا۔

سرمایہ کاری دوست ماحول کی یقین دہانی

وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر شفاف اور سرمایہ کاری دوست کاروباری ماحول برقرار رکھنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہاکہ حکومت، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے ذریعے بالخصوص انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجیز سمیت اہم شعبوں میں اسٹریٹجک سرمایہ کاری کو آسان بنانے کے لیے بھرپور تعاون فراہم کررہی ہے۔

ترک سیل کا پاکستان کے ڈیجیٹل ایجنڈے میں دلچسپی کا اظہار

ترک سیل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر علی طحہ کوچ نے حکومت پاکستان کے مستقبل پر مبنی ڈیجیٹل تبدیلی کے ایجنڈے کو سراہتے ہوئے ٹیلی کمیونیکیشن، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں تعاون کے مواقع تلاش کرنے میں کمپنی کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

مزید پڑھیں: پاکستان اور ترکیہ کے درمیان قریبی روابط برقرار رکھنے پر اتفاق

انہوں نے متعلقہ پاکستانی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے ترک سیل کے عزم کا بھی اعادہ کیا تاکہ باہمی مفاد پر مبنی شراکت داریاں قائم کی جا سکیں، جو پاکستان اور ترکیہ کے مشترکہ اقتصادی اور تکنیکی اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہوں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp