’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت‘ عالمی امن کے لیے اہم پیشرفت ہے، ترک صدر کی پاکستان کی کوششوں کی تعریف

ہفتہ 4 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (اسلام آباد ایم او یو) عالمی امن کے لیے انتہائی اہم پیشرفت ہے اور ترکیہ اس پر دستخط کا خیرمقدم کرتا ہے۔

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر اردوان نے کہاکہ پاکستان اور ترکیہ ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور آئندہ بھی دونوں ممالک کی یہ یکجہتی برقرار رہے گی۔

مزید پڑھیں: وحدتین محل میں پاک ترکیہ سربراہان کی بڑی بیٹھک، تجارت، دفاع اور مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر اہم مشاورت

انہوں نے کہاکہ ان کا ملک پاکستان کی امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کی مکمل حمایت کرتا رہے گا۔

ترکیہ کے صدر نے کہاکہ امن، ترقی اور خوشحالی کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششیں قابلِ ستائش ہیں اور ترکیہ خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک امن اور خوشحالی کے لیے کی جانے والی کوششوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔

صدر اردوان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، عالمی اور علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون میں اضافے کے مختلف پہلوؤں پر بھی گفتگو ہوئی۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ترکیہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے اپنی کاروباری برادری کی حوصلہ افزائی کرے گا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دی جا سکے۔

صدر اردوان نے اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف کارروائیوں پر بھی اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل، امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے معاہدے کو سبوتاژ کرنے کے لیے جارحیت کر رہا ہے، تاہم ترکیہ اس صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے بلوچستان میں پیش آنے والے بس حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت بھی کی۔

پاکستان اور ترکیہ کے عوام کے درمیان قلبی تعلق موجود ہے، وزیراعظم

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ پاکستان اور ترکیہ کے عوام کے درمیان قلبی تعلق موجود ہے اور دونوں ممالک کی دوستی تاریخ، ثقافت اور باہمی اعتماد پر استوار ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان اور ترکیہ کی شراکت داری کو نئی جہت دینے کے لیے دونوں ممالک پرعزم ہیں۔

وزیراعظم نے شاندار استقبال اور پرتپاک میزبانی پر صدر اردوان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات کی ایک شاندار تاریخ ہے اور دونوں ممالک نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ترکیہ کی جنگِ آزادی کے دوران برصغیر کے مسلمانوں نے بھرپور حمایت کی، جبکہ بعد ازاں جنگ، زلزلوں، قدرتی آفات اور سیلاب سمیت ہر آزمائش میں ترکیہ نے پاکستان کا ساتھ نبھایا۔

وزیراعظم نے کہاکہ مظفرگڑھ اور سیلاب سے متاثرہ دیگر علاقوں میں ترکیہ کی امداد تاریخ کا حصہ بن چکی ہے، جبکہ زلزلہ زدہ علاقوں میں سماجی اور معاشی ترقی کے لیے ترکیہ کے تعاون پر پاکستان شکر گزار ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ پاکستان اور ترکیہ کا رشتہ محض سفارتی تعلقات تک محدود نہیں بلکہ دونوں ممالک ’دو دل اور ایک جان‘ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مولانا جلال الدین رومی اور علامہ محمد اقبال کی فکر دونوں اقوام کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہے۔

انہوں نے صدر رجب طیب اردوان کی قیادت میں ترکیہ کی مختلف شعبوں میں ہونے والی غیر معمولی ترقی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ترکیہ کے ساتھ اپنی دوستی پر فخر ہے۔

وزیراعظم نے کہاکہ ترکیہ کی کاروباری شخصیات کے ساتھ ’بی ٹو بی فورم‘ میں اہم نشست ہوئی، جبکہ صدر اردوان کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں جامع اور تعمیری بات چیت کی گئی۔ اس دوران خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری، تجارت کے فروغ اور اقتصادی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ دونوں دوطرفہ تجارتی حجم کو 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کے ہدف کے حصول کے لیے پرعزم ہیں۔

مزید پڑھیں: ترک صدر کی مخلصانہ کوششوں سے پاکستان کو امریکا ایران ثالثی کا موقع ملا، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان قبرص کے معاملے پر ترکیہ کے مؤقف کی حمایت کرتا ہے، جبکہ مسئلہ کشمیر پر ترکیہ کی دوٹوک اور مستقل حمایت پر صدر اردوان اور ترک حکومت کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور ترکیہ باہمی تعاون کو مزید وسعت دیتے ہوئے اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کو نئی جہت دیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

فیفا کا بڑا فیصلہ، امریکی فٹبالر بالوگن کا ریڈ کارڈ واپس، صدر ٹرمپ کا خصوصی اظہار تشکر

ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ: آسٹریلیا نے انگلینڈ کو شکست دے کر 7 ویں بارعالمی چیمپیئن کا تاج اپنے سر سجا لیا

خاتون کو بچاتے ہوئے گولی لگنے سے شہید ہونے والے گروپ کیپٹن عاصم کا قاتل گرفتار کرلیا گیا

آئی فون کو ٹکر دینے کی تیاری، سام سنگ گلیکسی ایس 27 میں زبردست فیچر متعارف

کل 6 جولائی سے ملک بھر میں موسلا دھار بارشیں، این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا

ویڈیو

پاکستان اور ترکیہ معاشی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار

’بھارت نے پانی روکا تو پاکستان بھارت کی لائف لائن بند کر دے گا‘

’مریم کی دستک‘ ایپ کیا ہے اور اس کے ساتھ کتنے ادارے منسلک ہیں؟

کالم / تجزیہ

ریڈیو کا روشن باب: بھائی لال اور اوم پرکاش

بریسٹ کینسر: خوف نہیں، آگاہی کی ضرورت

بھارتی آبی دہشتگردی کا پاکستان کیسے جواب دے؟