ترک صدر کی مخلصانہ کوششوں سے پاکستان کو امریکا ایران ثالثی کا موقع ملا، وزیراعظم شہباز شریف

ہفتہ 4 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکراتی عمل میں ہم نے خلوص نیت سے کوششیں کیں، ترک صدر رجب طیب اردوان کی مخلصانہ حمایت سے پاکستان کو ثالثی کے کردار کا موقع ملا، لیکن یہ کٹھن سفارتی مشن ہر گز آسان نہیں تھا، تاہم اب اللہ کے فضل سے جنگ بندی ہوگئی ہے۔

ترکیہ کے شہر استنبول میں پاکستان ترکیہ بزنس ٹو بزنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ اب ضروری ہے کہ امن عمل سے فائدہ اٹھایا جائے، نئے امکانات کو دوطرفہ تعاون اور علاقائی خوشحالی کے لیے استعمال کرنا ہے۔

مزید پڑھیں: کیا پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کی بیٹھک اسلامی اتحاد کی طرف اہم قدم ہے؟

انہوں نے کہاکہ ترکیہ پاکستان کا مضبوط اور مخلص اتحادی ہے، استنبول کا خوبصورت شہر ایشیا اور یورپ کو ملاتا ہے۔

شہباز شریف نے کہاکہ دونوں ملکوں کے لازوال رشتے کی ایک تاریخ ہے، اس منفرد اور تاریخی تعلق کی بنیاد ترکیہ کی جنگ آزادی کے دوران رکھی گئی۔

وزیراعظم نے کہاکہ علی برادران کی قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں نے ترکیہ کی جدوجہد کی حمایت کی۔

انہوں نے کہاکہ ترکیہ نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا جس پر ہم ترک قیادت کے شکر گزار ہیں۔

شہباز شریف نے کہاکہ ترک سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں، آئی ٹی، اے آئی، زراعت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔

وزیراعظم نے کہاکہ وقت کے ساتھ ساتھ بزنس ٹو بزنس تعاون مزید مضبوط ہوگا، ڈسکوز کی نجکاری اور ٹرانسمیشن سسٹم کی بہتری کے لیے ترکیہ کے تجربات سے فائدہ اٹھانا ہے۔

انہوں نے کہاکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے دشمن کو شکست فاش دی، جب ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو اپنی خود مختاری اور وقار کا دفاع کیا۔

پاکستان اور ترکیہ کے عوام کے درمیان قلبی تعلق موجود ہے، وزیراعظم

دریں اثنا ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ پاکستان اور ترکیہ کے عوام کے درمیان قلبی تعلق موجود ہے اور دونوں ممالک کی دوستی تاریخ، ثقافت اور باہمی اعتماد پر استوار ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان اور ترکیہ کی شراکت داری کو نئی جہت دینے کے لیے دونوں ممالک پرعزم ہیں۔

وزیراعظم نے شاندار استقبال اور پرتپاک میزبانی پر صدر اردوان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات کی ایک شاندار تاریخ ہے اور دونوں ممالک نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ترکیہ کی جنگِ آزادی کے دوران برصغیر کے مسلمانوں نے بھرپور حمایت کی، جبکہ بعد ازاں جنگ، زلزلوں، قدرتی آفات اور سیلاب سمیت ہر آزمائش میں ترکیہ نے پاکستان کا ساتھ نبھایا۔

وزیراعظم نے کہاکہ مظفرگڑھ اور سیلاب سے متاثرہ دیگر علاقوں میں ترکیہ کی امداد تاریخ کا حصہ بن چکی ہے، جبکہ زلزلہ زدہ علاقوں میں سماجی اور معاشی ترقی کے لیے ترکیہ کے تعاون پر پاکستان شکر گزار ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ پاکستان اور ترکیہ کا رشتہ محض سفارتی تعلقات تک محدود نہیں بلکہ دونوں ممالک ’دو دل اور ایک جان‘ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مولانا جلال الدین رومی اور علامہ محمد اقبال کی فکر دونوں اقوام کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہے۔

انہوں نے صدر رجب طیب اردوان کی قیادت میں ترکیہ کی مختلف شعبوں میں ہونے والی غیر معمولی ترقی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ترکیہ کے ساتھ اپنی دوستی پر فخر ہے۔

وزیراعظم نے کہاکہ ترکیہ کی کاروباری شخصیات کے ساتھ ’بی ٹو بی فورم‘ میں اہم نشست ہوئی، جبکہ صدر اردوان کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں جامع اور تعمیری بات چیت کی گئی۔ اس دوران خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری، تجارت کے فروغ اور اقتصادی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ دونوں دوطرفہ تجارتی حجم کو 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کے ہدف کے حصول کے لیے پرعزم ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان اور ترکیہ کے درمیان قریبی روابط برقرار رکھنے پر اتفاق

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان قبرص کے معاملے پر ترکیہ کے مؤقف کی حمایت کرتا ہے، جبکہ مسئلہ کشمیر پر ترکیہ کی دوٹوک اور مستقل حمایت پر صدر اردوان اور ترک حکومت کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور ترکیہ باہمی تعاون کو مزید وسعت دیتے ہوئے اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کو نئی جہت دیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

فیفا کا بڑا فیصلہ، امریکی فٹبالر بالوگن کا ریڈ کارڈ واپس، صدر ٹرمپ کا خصوصی اظہار تشکر

ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ: آسٹریلیا نے انگلینڈ کو شکست دے کر 7 ویں بارعالمی چیمپیئن کا تاج اپنے سر سجا لیا

خاتون کو بچاتے ہوئے گولی لگنے سے شہید ہونے والے گروپ کیپٹن عاصم کا قاتل گرفتار کرلیا گیا

آئی فون کو ٹکر دینے کی تیاری، سام سنگ گلیکسی ایس 27 میں زبردست فیچر متعارف

کل 6 جولائی سے ملک بھر میں موسلا دھار بارشیں، این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا

ویڈیو

پاکستان اور ترکیہ معاشی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار

’بھارت نے پانی روکا تو پاکستان بھارت کی لائف لائن بند کر دے گا‘

’مریم کی دستک‘ ایپ کیا ہے اور اس کے ساتھ کتنے ادارے منسلک ہیں؟

کالم / تجزیہ

ریڈیو کا روشن باب: بھائی لال اور اوم پرکاش

بریسٹ کینسر: خوف نہیں، آگاہی کی ضرورت

بھارتی آبی دہشتگردی کا پاکستان کیسے جواب دے؟