پنجاب حکومت کا ‘ینگ پروفیشنلز پروگرام’، کیا ماہانہ ڈیڑھ لاکھ روپے وظیفہ نوجوانوں کے لیے گیم چینجر ثابت ہو سکتا ہے؟

پیر 6 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں ہر سال لاکھوں نوجوان اعلیٰ تعلیم مکمل کرنے کے بعد روزگار کی تلاش میں عملی تجربے کی کمی جیسے چیلنج کا سامنا کرتے ہیں۔

یونیورسٹی سے ڈگری حاصل کرنے کے باوجود اکثر نجی اور سرکاری ادارے ایسے امیدواروں کو ترجیح دیتے ہیں جن کے پاس پہلے سے پیشہ ورانہ تجربہ موجود ہو۔ لیکن بدقسمتی سے ڈگری کے دوران طلبہ مارکیٹ میں تجربے کے لیے وقت مشکل سے ہی نکال پاتے ہیں۔

پنجاب حکومت کا نیا انٹرن شپ پروگرام کیا ہے؟

انہی چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے اور اس خلا کو پُر کرنے کے لیے پنجاب حکومت کی جانب سے ینگ پروفیشنلز پروگرام 2026 متعارف کرایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ یہ پروگرام پنجاب پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے تحت شروع کیا گیا ہے، جس کا مقصد نوجوان گریجویٹس کو سرکاری ترقیاتی منصوبوں میں عملی طور پر شامل کرنا اور انہیں منصوبہ بندی، پراجیکٹ مینجمنٹ، مالیاتی تجزیے، پالیسی سازی اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے شعبے میں عملی مہارت فراہم کرنا ہے۔

ماہانہ کتنا وظیفہ ہے؟

حکومت کے مطابق پروگرام کے تحت منتخب امیدوار ایک سال تک مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام کریں گے اور اس دوران انہیں ماہانہ ڈیڑھ لاکھ روپے وظیفہ دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ یہ رقم پاکستان میں زیادہ تر گریجویٹ ٹریننگ پروگرامز کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ سمجھی جا رہی ہے، جس کی وجہ سے اس پروگرام نے نوجوانوں کی خاصی توجہ حاصل کی ہے۔

درخواست کے لیے کون اہل ہیں؟

سرکاری اشتہار کے مطابق درخواست دینے والے امیدواروں کے لیے مضبوط تعلیمی ریکارڈ ضروری ہے، جبکہ انجینیئرنگ، اکنامکس، فنانس، بزنس ایڈمنسٹریشن، اکاؤنٹنگ، قانون، انفارمیشن ٹیکنالوجی، اربن پلاننگ، پبلک پالیسی اور دیگر متعلقہ شعبوں سے تعلق رکھنے والے امیدوار درخواست دے سکتے ہیں۔ انتخاب مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

پاکستان میں نوجوانوں کے لیے ایسے پروگرام کیوں اہم ہیں؟

یاد رہے کہ پاکستان میں نوجوانوں کی آبادی دنیا کی بڑی نوجوان آبادیوں میں شمار ہوتی ہے۔ مختلف قومی اور بین الاقوامی رپورٹس کے مطابق ملک میں نوجوانوں کی بڑی تعداد کو تعلیم مکمل کرنے کے بعد مناسب روزگار یا عملی تربیت کے مواقع میسر نہیں آتے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے پروگرام اگر شفاف انداز میں نافذ کیے جائیں، تو وہ صرف روزگار کے مواقع ہی نہیں بلکہ مستقبل کے پبلک سیکٹر لیڈرز تیار کرنے میں بھی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کی اہمیت

پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا ماڈل گزشتہ چند برسوں میں پاکستان میں تیزی سے توجہ حاصل کررہا ہے۔ اس ماڈل کے تحت حکومت اور نجی شعبہ مل کر انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ، صحت، تعلیم اور دیگر عوامی منصوبوں میں سرمایہ کاری کرتے ہیں تاکہ وسائل کے بہتر استعمال اور خدمات کی فراہمی کو مؤثر بنایا جا سکے۔

پنجاب حکومت بھی حالیہ برسوں میں اسی ماڈل کے تحت متعدد ترقیاتی منصوبوں پر کام کررہی ہے، جس کے لیے تربیت یافتہ افرادی قوت کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔

درخواست کب اور کیسے دی جا سکتی ہے؟

پروگرام کے لیے درخواستیں 22 جولائی 2026 تک جمع کرائی جا سکتی ہیں۔ دلچسپی رکھنے والے امیدواروں کو پنجاب پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی (P4A) کی ویب سائٹ سے درخواست فارم ڈاؤن لوڈ کرکے اسے مکمل کرنا ہوگا۔

درخواست کے ساتھ تعلیمی اسناد، ٹرانسکرپٹس، قومی شناختی کارڈ کی کاپی، حالیہ پاسپورٹ سائز تصویر، تازہ ترین سی وی اور اگر دستیاب ہوں تو تجربے کے سرٹیفکیٹس منسلک کرنا ضروری ہوگا۔ مکمل درخواست مقررہ تاریخ سے قبل چیف ہیومن ریسورس آفیسر پنجاب پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی (P4A)، امپیریم ٹاور، گلبرگ II، لاہور کے دفتر میں جمع کرانا ہوگی۔

انتخاب کا طریقہ کار:

حکومت نے اہل امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ وقت کے اندر آن لائن درخواست جمع کرائیں اور درخواست دینے سے قبل اہلیت، مطلوبہ دستاویزات اور دیگر شرائط کا بغور جائزہ لیں۔ پروگرام کے لیے درخواستیں پنجاب جاب پورٹل کے ذریعے وصول کی جا رہی ہیں، جبکہ منتخب امیدواروں کا اعلان جانچ پڑتال اور میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp