جنوبی کوریا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ نے اپنی آئندہ فلیگ شپ اسمارٹ فون سیریز ’گلیکسی ایس 27‘ میں جدید ترین ’پرائیویسی ڈسپلے‘ ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد صارفین کو جدید ترین تحفظ فراہم کرنا اور ڈیٹا کی رازداری کو مزید بہتر بنانا ہے۔
ٹیکنالوجی سے متعلق جریدے ‘دی الیک’ کی رپورٹ کے مطابق، یہ فیچر اب صرف مہنگے ترین ماڈلز تک محدود نہیں رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں:سام سنگ گلیکسی واچ اب ڈیمنشیا کی ابتدائی علامات کی نشاندہی کرے گی
سام سنگ اس ٹیکنالوجی کو گلیکسی ایس 27، گلیکسی ایس 27 پرو اور گلیکسی ایس 27 الٹرا، تینوں ماڈلز میں شامل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے تاکہ تمام صارفین اس جدید سہولت سے مستفید ہو سکیں۔
ہارڈویئر سطح پر رازداری کا تحفظ
سام سنگ کی یہ ٹیکنالوجی عام سافٹ ویئر فلٹرز سے یکسر مختلف اور کہیں زیادہ مؤثر ہے۔ اسے ڈسپلے پینل کے اندر ہی ضم کیا گیا ہے، جس کی بدولت جب یہ فیچر فعال ہوگا تو اسکرین کا زاویۂ دید محدود ہو جائے گا۔
اس کے نتیجے میں صرف فون استعمال کرنے والا شخص ہی اسکرین کو واضح طور پر دیکھ سکے گا، جبکہ اطراف میں موجود افراد کو اسکرین یا تو سیاہ دکھائی دے گی یا پھر انتہائی دھندلی۔
خامیوں پر قابو، بہتر کارکردگی
رپورٹ کے مطابق گلیکسی ایس 27 سیریز میں اس ٹیکنالوجی کا دوسرا ورژن استعمال کیا جائے گا۔ اس سے قبل گلیکسی ایس 26 الٹرا میں اس فیچر کے حوالے سے کچھ صارفین نے اسکرین کی چمک اور رنگوں کے متاثر ہونے کی شکایات کی تھیں۔
مزید پڑھیں: سام سنگ گلیکسی S26 الٹرا کا پرائیویسی فیچر لیک، ٹیک کمیونٹی میں ہلچل مچ گئی
تاہم سپلائی چین کا کہنا ہے کہ سام سنگ نے نئی ٹیکنالوجی میں ان خامیوں کو دور کر دیا ہے، جس کے بعد صارفین اب بہتر برائٹنیس اور درست رنگوں کے ساتھ پرائیویسی کا لطف اٹھا سکیں گے۔
مقابلے کی حکمتِ عملی
واضح رہے کہ پوری سیریز میں پرائیویسی ڈسپلے متعارف کروانا سام سنگ کی مارکیٹ میں پوزیشن مستحکم کرنے کی ایک سوچی سمجھی حکمتِ عملی ہے۔
اس اقدام کے ذریعے کمپنی عالمی سطح پر ایپل اور چینی اسمارٹ فون برانڈز کی جانب سے بڑھتے ہوئے مقابلے کا مؤثر جواب دینے کے لیے تیار ہے۔
نئی سیریز کی دیگر تکنیکی تفصیلات، بشمول ڈسپلے کارکردگی اور بیٹری لائف، آئندہ سال کی پہلی سہ ماہی میں فون کی باضابطہ رونمائی کے قریب سامنے آنے کا امکان ہے۔














