اسپین نے پیر کو کھیلے گئے فیفا ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں پرتگال کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا، جبکہ اس شکست کے بعد سپر اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کے ورلڈ کپ کیریئر کے اختتام کا امکان بھی بڑھ گیا ہے۔
میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول اضافی وقت کے پہلے منٹ میں میکل میرینو نے کیا۔ فاؤل ملنے کے بعد انہوں نے فوری فری کک لی، خود آگے بڑھے اور فیران ٹوریس کے پاس پر گول کیپر ڈیوگو کوسٹا کو شکست دیتے ہوئے گیند جال میں پہنچا دی۔
یہ بھی پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ 2026 سے متعلق سمپسنز کی پیشگوئی غلط ثابت ہوگئی
اس فتح کے ساتھ اسپین نے 2010 میں جنوبی افریقہ میں اپنا واحد عالمی ٹائٹل جیتنے کے بعد پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کی ہے، جہاں اسپین کا مقابلہ جمعے کو لاس اینجلس اسٹیڈیم میں بیلجیم سے ہوگا۔
دوسری جانب 41 سالہ کرسٹیانو رونالڈو پرتگال کو مسلسل دوسری بار ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل تک پہنچانے کے خواہاں تھے، تاہم ناکامی کے بعد ان کے عالمی کپ کیریئر کے اختتام کا قوی امکان پیدا ہوگیا ہے۔
Bahkan yang terbaik pun tidak bisa menulis ulang takdir.
Cristiano Ronaldo akhirnya harus menerima kenyataan pahit bahwa dirinya memang tidak pernah ditakdirkan untuk memenangkan Piala Dunia. Meski telah menjaga fisik di level tertinggi hingga usia 41 tahun demi memimpin… pic.twitter.com/PGhIcbxT7z
— PanditFootball.com (@panditfootball) July 6, 2026
رونالڈو بین الاقوامی فٹبال میں 146 گولز اور 233 میچز کے ساتھ تاریخ کے کامیاب ترین کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں۔
میرینو کو میچ کے 85ویں منٹ میں میدان میں اتارا گیا، مگر انہوں نے مختصر وقت میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے فیصلہ کن گول کر دیا۔
مزید پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ میں سیاسی مداخلت کب کب ہوئی؟
انجریز کے باعث ان کی اسپین کے اسکواڈ میں شمولیت بھی غیر یقینی رہی تھی، جبکہ یہی مسائل ان کے پریمیئر لیگ سیزن کو بھی متاثر کرتے رہے۔
دونوں روایتی حریفوں کے درمیان یہ مقابلہ 8 سال قبل ہونے والے سنسنی خیز ورلڈ کپ میچ کے برعکس تھا، جب رونالڈو نے ہیٹ ٹرک کر کے اسپین کے خلاف 3-3 سے ڈرا کرایا تھا۔
رواں ٹورنامنٹ میں رونالڈو نے 3 گول ضرور کیے، تاہم اسپین کے گول کیپر اونائی سیمون کے خلاف انہیں زیادہ مواقع نہیں مل سکے۔

پہلے ہاف میں رونالڈو کی 2 خطرناک کوششوں کو سیمون نے شاندار انداز میں ناکام بنایا، جن میں ایک ڈائیونگ سیو بھی شامل تھا۔
اسپین نے اس کامیابی کے ساتھ ورلڈ کپ کی تاریخ میں مسلسل 6 کلین شیٹس کا نیا ریکارڈ بھی قائم کیا۔
گول کیپر اونائی سیمون نے مسلسل 609 منٹ تک گول پوسٹ کا ناقابل شکست دفاع کرتے ہوئے مخالفین کو کوئی گول اسکور نہ کرنے دیا اور ایک اور منفرد اعزاز اپنے نام کیا۔
مزید پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ 2026: میسی، ایمباپے اور ہالینڈ نے مل کر فٹبال کی 96 سالہ تاریخ بدل دی
اس سے قبل یہ ریکارڈ اٹلی (1990) اور سوئٹزرلینڈ (2006 تا 2010) کے پاس تھا، جن کے خلاف مسلسل 5 میچوں میں مخالف ٹیموں میں سے کوئی بھی گول اسکور نہیں کرسکا تھا۔
اسپین کی یہ شاندار دفاعی کارکردگی 2022 کے ورلڈ کپ سے جاری ہے اور موجودہ ٹورنامنٹ میں بھی برقرار ہے۔
اس فتح کے ساتھ اسپین نے نہ صرف کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی بلکہ ٹورنامنٹ کی مضبوط ترین دفاعی ٹیم ہونے کا دعویٰ بھی مزید مضبوط کر دیا۔













