وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے فوڈ سیفٹی سلمیٰ بٹ نے لاہور میں کارروائی کرتے ہوئے درآمدی ایکسپائرڈ اشیا سے بھرے ایک گودام کو سیل کر دیا اور بڑی مقدار میں سامان قبضے میں لے لیا۔
سلمیٰ بٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بتایا کہ گلبرگ لاہور ميں امپورٹ شدہ ايکسپائرڈ چاکليٹ Godiva، ويفر Loackers اور بسکٹ اور چاکليٹس کی ايکسپائری تاريخ تبديل کر کے بڑے سٹورز پر بيچنے کا انکشاف ہوا ہے۔
گلبرگ لاہور ميں امپورٹ شدہ ايکسپائرڈ چاکليٹ Godiva،ويفر Loackers اور بسکٹ اور چاکليٹس کی ايکسپائری تاريخ تبديل کر کے بڑے سٹورز پر بيچنے کا انکشاف۔جعلسازی ايکسپوزڈ ہونے پر مالک پر ايف آئ آر درج کروائ جائے گی۔تمام اشيا تلف کی کئيں يونٹ سيل کر ديا گيا۔ pic.twitter.com/SV6gW7VDzn
— Salma Butt (@SalmaButtPMLN) July 8, 2026
ان کا کہنا تھا کہ جعلسازی سامنے آنے کے بعد گودام مالک کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ تمام ایکسپائرڈ اشیا تلف کرکے یونٹ کو سیل کر دیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ٹاؤن شپ لاہور میں بھی ایک خفیہ پلانٹ پکڑا گیا جہاںجہاں درآمدی Pringles چپس، جعلی Nutella چاکلیٹ اور Lotus Biscoff بسکٹس کی ایکسپائری تاریخ تبدیل کرکے فروخت کی جا رہی تھی۔ کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں اشیا تلف کر دی گئیں، مالک کو گرفتار کر لیا گیا اور اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ٹاؤن شپ لاہور ميں امپورٹڈ چپس پرنگل،جعلی نيوٹيلا چاکليٹ،بسکوف لوٹس بسکٹ کی ايکسپائری تاريخ تبديل کر کے بيچنے والاخفيہ پلانٹ پکڑا گيا۔بڑی تعداد ميں اشيا تلف،مالک گرفتار،ايف آئ آر درج۔پنجاب کے شہريوں اور بچوں کے ليۓ محفوظ خوراک يقينی بنانا وزيراعلی مريم نواز شريف کی سخت ہدايت ہے pic.twitter.com/2e8BtXDNHu
— Salma Butt (@SalmaButtPMLN) July 8, 2026
سلمیٰ بٹ کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب کے شہریوں، خصوصاً بچوں کے لیے محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین نے واقعے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ متعدد صارفین نے دعویٰ کیا کہ ایسی مصنوعات لاہور کے بڑے برانڈڈ اسٹورز اور دیگر مارکیٹوں میں بھی فروخت کی جاتی ہیں جبکہ بعض صارفین کا کہنا تھا کہ ایکسپائرڈ اشیا کی خرید و فروخت اور ان کی تاریخوں میں ردوبدل کا یہ عمل ملک کے دیگر شہروں میں بھی جاری ہے۔














