ریلوے ٹریک پر جاری مرمتی کاموں کے باعث بلوچستان سے ملک کے دیگر شہروں کے لیے ٹرین آپریشن جمعہ کو بھی معطل رہے گا۔ محکمہ ریلوے نے سروس بحال نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے مسافروں کو متبادل انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق ٹریک کی بحالی کا کام تاحال جاری ہے، جس کے باعث 9 جولائی سے معطل کی گئی ٹرین سروس دوسرے روز بھی بحال نہیں کی جا رہی۔
یہ بھی پڑھیے ریلوے ٹریک پر مرمتی کام، بلوچستان سے ٹرین سروس ایک روز کے لیے معطل
محکمہ ریلوے نے بتایا کہ کوئٹہ سے پشاور روانہ ہونے والی جعفر ایکسپریس کی آج کی روانگی منسوخ کر دی گئی ہے، جبکہ پشاور سے کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس جیکب آباد تک ہی چلائی جائے گی اور اس سے آگے سفر نہیں کرے گی۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ٹرینوں کی منسوخی سے متاثر ہونے والے تمام مسافروں کو ٹکٹ کی مکمل رقم واپس کی جائے گی، جبکہ ٹریک کی مرمت مکمل ہونے کے بعد ٹرین سروس کی بحالی سے متعلق باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔














