آزاد کشمیر میں انتخابات کے لیے سیسی جماعتوں کی انتخابی مہم جاری ہے، مسلم لیگ ن نے سابق وزیراعظم پاکستان نواز شریف کے دورہ میرپور کا اعلان کردیا۔
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ، وزیر امور کشمیر امیر مقام اور طارق فضل چوہدری نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ نواز شریف 19 جولائی کو میرپور کا دورہ کریں گے۔
مزید پڑھیں: آزاد کشمیر: پی ٹی آئی نے انتخابات کا بائیکاٹ کیوں کیا، 27 جولائی کو اس کا فائدہ کس پارٹی کو ہوگا؟
رانا ثنااللہ نے کہاکہ 27 جولائی کو ہونے والے قانون ساز اسمبلی کے انتخابات آئین اور قانون کے مطابق اپنے مقررہ وقت پر ہی منعقد ہوں گے اور کسی کو طاقت یا اسلحے کے زور پر انتخابی عمل سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ساتھ مذاکرات کے دوران ان کے تمام مطالبات پورے کیے گئے۔
انہوں نے واضح کیاکہ مہاجرین کی نشستوں کا معاملہ آزاد جموں و کشمیر اسمبلی سے متعلق ہے، کیونکہ آئینی نوعیت کے معاملات حکومتِ پاکستان نہیں بلکہ آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے دائرۂ اختیار میں آتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ آزاد جموں و کشمیر اسمبلی اپنی آئینی مدت 4 اگست کو مکمل کرے گی، اس لیے عام انتخابات 27 جولائی 2026 کو شیڈول کے مطابق ہوں گے۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ وہ آزاد کشمیر کے داخلی راستوں پر خوراک اور دیگر ضروری اشیا کی ترسیل روکنے سے متعلق اطلاعات کا جائزہ لینے کے لیے آئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے باعث انٹرنیٹ سروس معطل ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر افواہیں بھی پھیلائی جا رہی ہیں، تاہم جیسے ہی حالات معمول پر آئیں گے، انٹرنیٹ سروس بحال کر دی جائے گی۔
انہوں نے کہاکہ چند افراد کے بیانات نہ تو پوری کشمیری قوم کی نمائندگی کرتے ہیں اور نہ ہی تحریک آزادی کشمیر کے مؤقف کی عکاسی کرتے ہیں۔ امید ہے کہ عام انتخابات میں ووٹر ٹرن آؤٹ بہتر رہے گا۔
وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینیئر امیر مقام نے کہاکہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے ابتدا میں 38 مطالبات پیش کیے اور بعد ازاں مزید 8 مطالبات شامل کیے، تاہم بعد میں الحاقِ پاکستان سے متعلق شق کو مطالبات سے نکال دیا گیا۔
امیر مقام نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے کسی مطالبے کے بغیر آزاد کشمیر کے لیے 4 دانش اسکولوں کی منظوری دی، جبکہ 10 ارب روپے کی لاگت سے رتھوعہ ہریام پل کا منصوبہ بھی مکمل کیا گیا۔
وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو کشمیر سے خصوصی محبت اور وابستگی ہے۔
مزید پڑھیں: آزاد کشمیر میں ن لیگ حکومت بنانے جارہی ہے، وزیراعظم کا فیصلہ نواز شریف کریں گے، محمد حنیف ملک
انہوں نے کہاکہ میرپور اور بھمبر میں حالات پرامن ہیں اور تمام سیاسی جماعتیں اپنی انتخابی مہم جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ انتظامیہ شفاف، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرے، کیونکہ تمام مسائل کا جمہوری حل انتخابات ہی ہیں۔














