نیشنل کوآرڈینیشن اینڈ مینجمنٹ کونسل (این سی ایم سی) نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر کی موجودگی کی تصدیق کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو عوام تک ایندھن کی مسلسل اور بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کیا ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کا خدشہ ہے؟
اسلام آباد میں این سی ایم سی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل (او سی اے سی)، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں جو موجودہ طلب پوری کرنے کے لیے کافی ہیں۔
اجلاس کے دوران آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل (او سی اے سی) کی جانب سے سپلائی کے حوالے سے درپیش چیلنجز پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ کونسل نے مشاہدہ کیا کہ یہ خدشات بنیادی طور پر جولائی کے پہلے 15 روز کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں غیر معمولی اضافے کے باعث سامنے آئے ہیں۔
مزید پڑھیے: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، پیٹرول 13 روپے 18 پیسے، ڈیزل 13 روپے 80 پیسے فی لیٹر مہنگا
اوگرا کی جانب سے پیش کیے گئے تجزیے میں یہ امکان بھی ظاہر کیا گیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی متوقع قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر بعض عناصر کی جانب سے ذخیرہ اندوزی کی جا رہی ہے۔
این سی ایم سی نے اوگرا کو ہدایت کی کہ وہ اپنے نفاذی نظام کو مزید مؤثر اور فعال بنائے، جبکہ صوبائی حکومتوں پر زور دیا گیا کہ وہ ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کریں تاکہ عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی جاری رہے اور انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
مزید پڑھیں: عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مزید کم ہوئیں تو ریلیف عوام کو منتقل کریں گے، وزیر پیٹرولیم
کونسل نے ایک بار پھر اس بات کا اعادہ کیا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر مکمل طور پر کافی ہیں اور تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ملک بھر میں پیٹرول، ڈیزل اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی مسلسل اور بلا تعطل فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔














