امریکی شہر سیئٹل میں موسمِ گرما کے میلے کے دوران فائرنگ، 2 افراد ہلاک

پیر 27 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا کے شہر سیئٹل میں معروف سیاحتی مقام اسپیس نیڈل کے قریب اتوار کو ہونے والی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک جبکہ ایک کمسن بچے سمیت کم از کم 4 افراد زخمی ہو گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ سیئٹل سینٹر کے قریب پیش آیا، جہاں اس وقت مقامی کاروباروں اور کھانے پینے کی اشیا کے سالانہ ’بائٹ آف سیئٹل‘ موسمِ گرما کے میلے کا انعقاد جاری تھا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا میں جنونی شخص کی فائرنگ، ایک ہی خاندان کے 8 بچے ہلاک

سیئٹل کی میئر کیٹی ولسن نے بتایا کہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔

انہوں نے ابتدائی بیان میں 2 افراد کی گرفتاری کا ذکر کیا تھا، تاہم بعد میں واضح کیا کہ ایک ہی مشتبہ شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔

سیئٹل پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ سیئٹل سینٹر میں فائرنگ ہوئی ہے اور واقعے میں متعدد افراد گولیوں کا نشانہ بنے۔

فائر ڈیپارٹمنٹ کے حکام نے امریکی نشریاتی اداروں کے حوالے سے 2 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

مزید پڑھیں: امریکا غیر محفوظ؟ اسکول فائرنگ اور 20 ہزار ڈالر کے خرچے نے امریکی خاندان کو اسپین منتقل ہونے پر مجبور کردیا

ہاربر ویو میڈیکل سینٹر کی ترجمان سوسن گریگ کے مطابق اسپتال کے ٹراما سینٹر میں 4 زخمیوں کو زیر علاج رکھا گیا ہے، جن میں ایک کمسن بچہ، ایک خاتون جو سرجری سے گزر رہی ہیں، 23 سالہ نوجوان اور 39 سالہ خاتون شامل ہیں۔

سوسن گریگ نے بتایا کہ ابتدائی اطلاعات میں یہ واضح نہیں تھا کہ حملہ آور ایک تھا یا ایک سے زیادہ، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات پولیس جاری کرے گی۔

مقامی اخبار سیئٹل ٹائمز کے ایک رپورٹر کے مطابق واقعے کے دوران کئی زور دار دھماکے نما آوازیں سنائی دیں، جن سے ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ تیزی سے مسلسل فائرنگ کی جا رہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp