نیشنل چیمپیئنز کپ: پی سی بی کا شیڈول اور اسکواڈز کا اعلان، شاہین آفریدی سمیت 4کپتان مقرر

پیر 27 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیشنل چیمپیئنز کپ کے شیڈول کے ساتھ ساتھ اس میں شریک چاروں ٹیموں کے اسکواڈز کا بھی باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ ملکی ڈومیسٹک سیزن 27-2026 کے ساتھ ساتھ آئی سی سی مینز ورلڈ کپ کی تیاریوں کے آغاز کا بھی نقطہ ثابت ہوگا۔

ٹورنامنٹ کا شیڈول اور مقام

ون ڈے فارمیٹ پر مشتمل یہ ٹورنامنٹ 11 اگست سے 18 اگست تک ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ فائنل سمیت مجموعی طور پر 7 ون ڈے میچز ٹورنامنٹ کا حصہ ہوں گے، جبکہ ڈے نائٹ میچز کا آغاز سہ پہر 3 بجے کیا جائے گا۔

4 اسکواڈز، ریزرو کھلاڑیوں کی سہولت بھی موجود

نیشنل سلیکشن کمیٹی نے 11، 11 کھلاڑیوں پر مشتمل 4 اسکواڈز ترتیب دیے ہیں، جبکہ اس کے ساتھ 13 ریزرو کھلاڑیوں کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پی سی بی نے 27 -2026 کے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کا اعلان کردیا، ورلڈ کپ تیاریوں پر توجہ مرکوز

ٹیموں کو یہ سہولت حاصل ہوگی کہ کسی کھلاڑی کے انجرڈ ہونے یا کنکشن کی صورت میں ریزرو کھلاڑیوں میں سے متبادل کھلایا جا سکے۔ ٹورنامنٹ میں 4 ٹیمیں، پاکستان گرینز، پاکستان گولڈ، پاکستان وائٹس اور پاکستان بلوز، حصہ لیں گی۔

کپتانوں اور ہیڈ کوچز کا تقرر

پی سی بی نے چاروں ٹیموں کی کپتانی کی ذمہ داریاں شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان کے سپرد کی ہیں۔ اسی طرح ٹیموں کے ہیڈ کوچز کے فرائض بالترتیب اعجاز جونیئر، مصباح الحق، اقبال امام اور اعزاز چیمہ سرانجام دیں گے۔

شاہین شاہ آفریدی کی ٹیم

شاہین شاہ آفریدی کی کپتانی میں کھیلنے والی ٹیم میں عبدالصمد، حیدر علی، معاز صداقت اور محمد نواز جیسے کھلاڑی شامل ہیں۔

صاحبزادہ فرحان کی ٹیم

صاحبزادہ فرحان کی سربراہی میں کھیلنے والے دستے میں عرفات منہاس، حسن علی، شامل حسین، سفیان مقیم اور حسین طلعت کو جگہ دی گئی ہے۔

صائم ایوب کی ٹیم

صائم ایوب کی قیادت میں میدان میں اترنے والی ٹیم میں علی رضا، حارث رؤف، حسن نواز، خوشدل شاہ، وسیم جونیئر اور عثمان خان جیسے کھلاڑی شامل کیے گئے ہیں۔

شاداب خان کی ٹیم

شاداب خان کی زیرِ قیادت کھیلنے والی ٹیم میں فخر زمان، محمد حسنین، سلمان مرزا، نسیم شاہ اور سمیر منہاس جیسے نام نمایاں ہیں۔

چیف سلیکٹر عاقب جاوید کا مؤقف

چیف سلیکٹر عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ اس ٹورنامنٹ کا مقصد کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ ون ڈے کرکٹ کھیلنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس ٹورنامنٹ میں کھلاڑی اپنے مخصوص رول کے مطابق ون ڈے کرکٹ کھیلتے نظر آئیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:پاک فوج کی برتری کے ساتھ 35ویں نیشنل گیمز کا اختتام، بلاول کا فیلڈ مارشل کو سندھی اجرک اور ٹوپی کا تحفہ

نیشنل چیمپیئنز کپ کا انعقاد ایسے وقت میں کیا جا رہا ہے جب پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی مینز ورلڈ کپ کی تیاریوں کے مرحلے میں داخل ہو رہی ہے۔

اسی مناسبت سے پی سی بی نے کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ ون ڈے کرکٹ کے مواقع دینے کی حکمت عملی اپنائی ہے، تاکہ ملکی کرکٹ کا ٹیلنٹ عالمی ایونٹ سے قبل بھرپور میچ پریکٹس حاصل کر سکے۔

‘ریزرو کھلاڑیوں’ کی شمولیت کا فیصلہ بھی اسی حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کا مقصد ٹورنامنٹ کے دوران انجریز یا ناگزیر حالات میں ٹیموں کو متبادل آپشنز میسر رکھنا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp