وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ انہوں نے کبھی یہ نہیں کہا کہ راولاکوٹ کے لوگ کشمیری نہیں ہیں، جبکہ مقبوضہ کشمیر میں آج بھی پاکستان کے حق میں نعرے گونج رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سیالکوٹ میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ مہاجرینِ کشمیر کی نشستیں کسی صورت ختم نہیں ہونے دی جائیں گی کیونکہ مہاجرین ہی کشمیر کے اصل وارث ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان سے منسوب راولاکوٹ کے عوام سے متعلق بیان درست نہیں اور انہوں نے کبھی ایسا مؤقف اختیار نہیں کیا۔
یہ بھی پڑھیں:راولاکوٹ میں ملک دشمنی کا اظہار کرنے والوں کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں، وزیر دفاع خواجہ آصف
وزیر دفاع نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں آج بھی عوام ’پاکستان زندہ باد‘ کے نعرے لگا رہے ہیں، جو پاکستان سے کشمیریوں کی وابستگی کا ثبوت ہے۔
انہوں نے آزاد کشمیر کی ایکشن کمیٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ تنظیم خون خرابے کی ذمہ دار ہے، حالانکہ اس کے تمام مطالبات پہلے ہی تسلیم کیے جا چکے تھے۔ ان کے مطابق حکومت ایکشن کمیٹی کو 24 سے 25 ارب روپے بھی فراہم کر چکی ہے، لیکن اس کے باوجود بعض عناصر بدامنی کو ہوا دے رہے ہیں۔
خواجہ آصف نے الزام عائد کیا کہ ایکشن کمیٹی کے بعض افراد مشکوک سرگرمیوں اور غیر ملکی فنڈنگ سے وابستہ ہیں، تاہم انہوں نے اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
وزیر دفاع نے اس موقع پر آزاد کشمیر کی سیاست پر بھی اظہار خیال کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں حکومت بنائے گی۔












