دنیا عام طور پر عظمت کو آخری منزل سے پہچانتی ہے، مگر عظیم لوگ اپنی پہچان اپنے اس پہلے قدم سے جوڑتے ہیں جس نے انہیں منزل کی طرف روانہ کیا۔ کامیابی کی ہر بلند عمارت کی ایک پہلی اینٹ ہوتی ہے، ہر دریا کا ایک پہلا چشمہ، ہر سفر کا ایک پہلا قدم اور ہر فتح کا ایک پہلا دروازہ ہوتا ہے۔
برائن لارا کے لیے وہ پہلا دروازہ صرف 3 ہندسوں پر مشتمل تھا (277)۔ یہ وہ عدد نہیں جسے دنیا ان کے سب سے بڑے ریکارڈ کے طور پر جانتی ہے۔ کرکٹ کی تاریخ میں ان کے نام 375 رنز کی عالمی ریکارڈ اننگز بھی ہے، 400 ناٹ آؤٹ کا ناقابلِ یقین کارنامہ بھی، اور فرسٹ کلاس کرکٹ میں 501 ناٹ آؤٹ کی وہ فلک بوس اننگز بھی، جس کی چوٹی آج تک کوئی سر نہیں کر سکا۔
گزشتہ برس 15 نومبر 2025 کو جب ویسٹ انڈیز کے عظیم بلے باز نے ٹرینیڈاڈ کے ملینیم لیکس گالف کلب میں اپنا پہلا ریسٹورنٹ کھولا تو اس کے دروازے پر نہ 375 لکھا تھا، نہ 400 اور نہ ہی 501۔ صرف ایک عدد جگمگا رہا تھا (277)۔
کسی نے برائن لارا سے پوچھا کہ آپ کے پاس 375 بھی تھا، 400 بھی اور 501 بھی۔ پھر اپنے ریسٹورنٹ کا نام 277 کیوں رکھا؟ لارا کے چہرے پر ایک ہلکی سی مسکراہٹ ابھری، جیسے برسوں پرانی کوئی یاد اچانک ذہن کے دریچوں پر دستک دے گئی ہو۔ پھر وہ مسکرائے اور نہایت سادگی سے بولے: ’کیونکہ 277 پہلا دروازہ تھا۔ وہ دروازہ جس سے میں اندر داخل ہوا۔ باقی سب کمرے بعد میں آئے۔ آدمی کو اپنے پہلے دروازے کی عزت کرنی چاہیے‘۔
یہ صرف ایک جواب نہیں تھا، کامیابی کا پورا فلسفہ تھا۔ یہ اس انسان کا اعتراف تھا جس نے دنیا کے سب سے بڑے ریکارڈز بنانے کے باوجود اپنی پہلی بڑی کامیابی کو کبھی فراموش نہیں کیا۔
جنوری 1993 کا مہینہ تھا۔ آسٹریلیا کی سرزمین پر کھیلا جانے والا سڈنی ٹیسٹ شاید عام شائقین کے لیے ایک اور کرکٹ میچ تھا، مگر برائن لارا کی زندگی میں یہی وہ دن تھا جس نے ان کی قسمت کا رخ بدل دیا۔
ویسٹ انڈیز اب بھی عالمی کرکٹ کی بڑی قوت تھی، مگر اس کے سنہری دور کے چراغ ٹمٹمانے لگے تھے۔ ایسے وقت میں ٹرینیڈاڈ کا ایک نوجوان خاموشی سے اپنے وقت کا انتظار کر رہا تھا: اس کا نام ’برائن چارلس لارا‘ تھا۔
لارا نے آسٹریلیا کے خلاف ایسی دلکش بیٹنگ کی کہ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ کا ہر گوشہ ان کے اسٹروکس کی گونج سے بھر گیا۔ کور ڈرائیوز، اسکوائر کٹس، آن ڈرائیوز اور حیران کن ٹائمنگ، ایسا محسوس ہوتا تھا جیسے وہ بیٹنگ نہیں، مصوری کر رہے ہوں۔
جب وہ 277 رنز بنا کر پویلین لوٹے تو اسکور بورڈ پر صرف ایک بڑی اننگز درج نہیں ہوئی تھی، بلکہ عالمی کرکٹ نے اپنے آنے والے عہد کے سب سے بڑے کھلاڑی کو پہچان لیا تھا۔ یہ برائن لارا کی پہلی ڈبل سینچری تھی۔ پہلا بڑا سنگِ میل تھا اور پہلا دروازہ۔
لارا نے کہا تھا ’سڈنی، آسٹریلیا میں 277 رنز پر رن آؤٹ۔ کبھی کبھی سوچتا ہوں، اگر ایسا نہ ہوتا تو کیا ہوتا؟ لیکن شاید یہی میرے لیے ایک چھپی ہوئی نعمت تھی۔ اسی لمحے نے میرے اندر مزید آگے بڑھنے، خود کو نکھارنے اور عظمت کو چھونے کی ایسی تڑپ پیدا کی جس نے میری زندگی کا رخ بدل دیا۔ اکثر زندگی کے ادھورے رہ جانے والے باب ہی سب سے یادگار کہانیوں کی بنیاد بنتے ہیں۔‘
اسی اننگز نے ان کے دل پر ایسا نقش چھوڑا کہ برسوں بعد جب ان کے گھر بیٹی پیدا ہوئی تو انہوں نے اس کا نام بھی ’سڈنی‘ رکھا۔ اس شہر کی یاد میں، جہاں ان کی زندگی کا سب سے اہم دروازہ کھلا تھا۔ 277 نے جیسے ان کے ہاتھ میں اعتماد کی ایسی کنجی تھما دی تھی جس سے کامیابی کے دروازے بتدریج کھلتے چلے گئے۔
277 محض ایک اننگز نہیں تھی۔ وہ ایک یقین تھا۔ ایک ایسا یقین جس نے برائن لارا کو یہ احساس دلایا کہ اب کوئی ہدف ان کی پہنچ سے دور نہیں۔ صرف ایک سال بعد، 16 اپریل 1994 کو اینٹیگوا (Antigua) کے تاریخی میدان پر انہوں نے انگلینڈ کے خلاف 375 رنز بنا کر سر گیری سوبرز کا 36 برس پرانا عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔ دنیا نے ایک نئے عالمی ریکارڈ ہولڈر کو سلام کیا۔ لیکن داستان ابھی ختم نہیں ہوئی تھی۔
اس تاریخی کارنامے کے صرف 51 دن بعد، واروکشائر (Warwickshire) کی نمائندگی کرتے ہوئے انہوں نے 6 جون 1994 کو 501 ناٹ آؤٹ کی ناقابلِ یقین اننگز کھیل کر فرسٹ کلاس کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا انفرادی اسکور قائم کر دیا، ایک ایسا ریکارڈ جو آج بھی پوری آب و تاب کے ساتھ قائم ہے۔
پھر وقت نے ایک اور امتحان لیا۔ 2003 میں آسٹریلیا کے میتھیو ہیڈن نے 380 رنز بنا کر لارا سے ٹیسٹ کرکٹ کا عالمی ریکارڈ چھین لیا۔ بیشتر عظیم کھلاڑی ریکارڈ بنا لیتے ہیں، مگر کھویا ہوا تاج دوبارہ حاصل نہیں کر پاتے۔ لارا مختلف تھے، صرف 6 ماہ بعد وہ دوبارہ اینٹیگوا کے اسی میدان میں اترے، جہاں ان کے خوابوں نے پہلی بار عالمی ریکارڈ کا روپ دھارا تھا۔
اس بار سامنے پھر انگلینڈ تھا اور جب اننگز ختم ہوئی تو اسکور بورڈ پر صرف تین ہندسے جگمگا رہے تھے:400 ناٹ آؤٹ۔ یوں عالمی ریکارڈ کا تاج ایک بار پھر لارا کے سر پر سجا ہوا تھا۔ کرکٹ کی پوری تاریخ میں آج بھی برائن لارا واحد بلے باز ہیں جنہوں نے اپنا کھویا ہوا ٹیسٹ عالمی ریکارڈ دوبارہ حاصل کیا۔
یہ تمام ریکارڈ دنیا کی نظر میں عظیم تھے۔ 375 ۔ ۔ ۔ 501 ۔ ۔ ۔ 400 ۔ ۔ ۔ مگر برائن لارا کی اپنی نظر میں یہ سب صرف ’کمرے‘ تھے۔ اصل اہمیت اس پہلے دروازے کی تھی، جسے انہوں نے 1993 میں 277 رنز بنا کر کھولا تھا۔
شاید اسی لیے جب زندگی نے انہیں کرکٹ کے میدان سے کاروبار کی دنیا میں قدم رکھنے کا موقع دیا تو انہوں نے اپنے ریسٹورنٹ کے لیے دنیا کے سب سے بڑے ریکارڈ کا انتخاب نہیں کیا۔ انہوں نے 277 کو چنا کیونکہ ان کے نزدیک پہلاقدم، منزل سے زیادہ قیمتی تھا۔
اور شاید اسی لیے ان کے اس ایک جملے میں پوری زندگی کا فلسفہ سمٹ آیا:’ 277 پہلا دروازہ تھا جس سے میں اندر داخل ہوا۔ باقی سب کمرے بعد میں آئے۔ آدمی کو اپنے پہلے دروازے کی عزت کرنی چاہیے‘۔
یہ صرف برائن لارا کی کہانی نہیں۔ یہ ہر اس انسان کی کہانی ہے جس نے کبھی اپنی زندگی میں کوئی پہلا خواب دیکھا، پہلی کامیابی حاصل کی، پہلا قدم اٹھایا اور پھر اسی راستے پر چلتے چلتے اپنی منزل تک پہنچ گیا۔
ہر محنت کرنے والے انسان کی زندگی میں ایک نہ ایک 277 ضرور ہوتا ہے۔ فرق صرف اتنا ہے کہ کچھ لوگ اپنی منزلوں کو یاد رکھتے ہیں، جبکہ کچھ لوگ اس ’پہلے دروازے‘ کو کبھی فراموش نہیں کرتے جس نے انہیں منزل تک پہنچنے کا راستہ دکھایا تھا۔
ادارے کا کالم نگار کی رائے کے ساتھ متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔












