بھارت کی ہٹ دھرمی کے باعث پاکستان فٹ بال ٹیم کو تاحال ویزے جاری نہ ہو سکے، پاکستان فٹ بال ٹیم کی ماریشیش سے بھارت کے لیے شیڈول فلائیٹ مس ہونے کے بعد ایئر ٹکٹس بھی کینسل ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق بھارت نے ویزوں کے اجراء میں تاخیر کی ہے جس کے باعث پاکستان فٹ بال ٹیم ماریشیش میں ہی موجود ہے، شیڈول فلائیٹ مِس ہونے کے بعد ٹکٹ بھی کینسل ہو گئے ہیں۔
پاکستان فٹ بال ٹیم کو آج ساڑھے 11 بجے ماریشیش سے بھارت روانہ ہونا تھا جہاں قومی ٹیم نے ساف چیمپئن شپ میں شرکت کرنا تھی۔
فلائٹ مِس ہونے کے بعد پاکستان فٹ بال ٹیم کا ماریشیش میں قیام کا دورانیہ بڑھا دیا گیا ہے، پاکستان اور بھارت کے فٹ بال حکام کے رابطے ہوئے ہیں جبکہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے حکام ساف ٹورنامنٹ کمیٹی سے بھی رابطے میں ہیں۔
مزید پڑھیں
بھارتی حکام کی جانب سے ویزوں کے اجرا میں تاخیر پر کہا جا رہا ہے کہ پاکستانی فٹ بال ٹیم کے ویزوں کے لیے کوشش کی جا رہی ہے جلد ویزوں کا اجراء کر دیا جائے گا۔
شیڈول کے مطابق ساف فٹ بال چیمپئن شپ 21 جون سے 4 جولائی تک بنگلور میں ہوگی، پاکستان فٹ بال ٹیم نے ساف کپ میں اپنا پہلا میچ 21 جون کو بھارت کے ساتھ کھیلنا ہے۔