وزیراعلیٰ پنجاب کی معاونِ خصوصی برائے فوڈ سیفٹی سلمیٰ بٹ نے موٹروے ریسٹ ایریاز پر قائم ٹک شاپس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے زائد قیمتوں پر اشیا فروخت کرنے اور ناقص و جعلی مصنوعات بیچنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔
سلمیٰ بٹ کا کہنا تھا کہ موٹروے ریسٹ ایریاز پر موجود دکانیں روزمرہ استعمال کی اشیا تین گنا تک مہنگے داموں فروخت کر رہی ہیں جبکہ کئی مقامات پر ناقص، جعلی اور غیر معیاری مصنوعات بھی فروخت کی جا رہی ہیں۔
موٹروے ريسٹ ايريا مارٹ سيل تين گنا قيمت لگاتےہيں،ناقص،جعلی اشيا بيچتے ہيں۔کثير تعداد ميں مسافر آپکے متاثرين ہيں شکايات کے انبار لگے ہوتے ہيں پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کسی کاروبار يا کاروباری سے اختلاف نہيں،اختلاف جعل سازی،ايکسپائر فوڈ،غير معياری اجزا سے ہے۔دھوکہ نہيں کاروبار کريں🙏 pic.twitter.com/fldBRQwsPp
— Salma Butt (@SalmaButtPMLN) August 5, 2026
انہوں نے کہا کہ ان دکانوں کے خلاف بڑی تعداد میں مسافروں کی شکایات موصول ہوتی ہیں اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کو مسلسل اس حوالے سے شکایات کے انبار کا سامنا ہے۔
سلمیٰ بٹ نے کارروائی کے دوران شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ ٹیکس کے نام پر کچھ بھی کریں گے؟ اس وجہ سے گالیاں حکومت کو پڑتی ہیں۔ تین گنا قیمت میں ایکسپائر مال بیچتے ہیں۔ کھلی چیزیں رکھنے پر انہوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چوہوں اور کاکروچ والی چیزیں کھلا رہے ہیں کیڑے مکوڑے کھلا رہے ہیں۔ اتنے بڑے مارٹس میں جعلی چیزیں رکھی ہوئی ہیں۔ قیمتیں اور کوالٹی ٹھیک کریں۔
یہ بھی پڑھیں: محکمہ فوڈ کے اسٹورز اور گوداموں پر چھاپے، امپورٹڈ ایکسپائرڈ سامان قبضے میں لے لیا گیا
معاونِ خصوصی نے واضح کیا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کو کسی کاروبار یا کاروباری طبقے سے کوئی اختلاف نہیں تاہم جعل سازی، ایکسپائر اشیا، غیر معیاری اجزا کے استعمال اور صارفین کو دھوکا دینے کی ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی۔














