مکہ دفاعی معاہدہ تاریخی دستاویز، سعودی ولی عہد پاکستان کے ساتھ آہنی دیوار کی طرح کھڑے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف

بدھ 26 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان پاکستان کے ساتھ آہنی دیوار کی طرح کھڑے ہیں، امن دشمن عناصر مسلم ممالک میں نفرت پیدا کرنے میں ناکام رہے، پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے درمیان تاریخی مکہ دفاعی معاہدہ ہوا۔

اسلام آباد میں قومی سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دشمن نے پوری کوشش کی کہ خطے کے مسلمان ممالک میں اختلاف پیدا ہو، مسلمانوں میں تقسیم کی اس سازش کو فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں ناکام بنایا گیا۔

مزید پڑھیں: پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ  کا ’مکہ دفاعی معاہدہ‘ بڑا، جرات مندانہ اور پہلا اہم قدم ہے: ٹرمپ

وزیراعظم نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی امن کے لیے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ اور سعودی عرب ہمارے وہ ساتھی ہیں جنہوں نے ہر اچھے برے وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ قومی سیرت النبی ﷺ کانفرنس پاکستان کی قابل فخر قومی روایت ہے۔ کانفرنس میں تمام مکاتب فکر کے علما، محققین اور مشائخ ایک چھت تلے جمع ہوتے ہیں۔ ہم سب نبی کریم ﷺ کی رحمت کے سائے میں ایک ملت ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ نبی کریم ﷺ ہماری پہچان، عزت اور جان ہیں۔ نبی کریم ﷺ کی بعثت پوری انسانیت کے لیے عظیم احسان ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئی نسل پاکستان کی امید اور مستقبل ہے، نئی نسل کی تعلیم و تربیت ہماری ترجیح ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے اختلاف کے آداب اور مکالمے کا طریقہ بھی سکھایا۔ نبی کریم ﷺ نے اہل کتاب کو مشترکہ باتوں کی بنیاد پر مکالمے کی دعوت دی۔

انہوں نے کہاکہ فتح مکہ کے موقع پر نبی کریم ﷺ نے عظیم کامیابی کے باوجود عاجزی کا مظاہرہ کیا، اور اپنے مخالفین کے لیے عام معافی کا اعلان کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ حجۃ الوداع کے موقع پر نبی کریم ﷺ نے انسانی مساوات کا عظیم درس دیا۔ کسی عربی کو عجمی پر اور کسی عجمی کو عربی پر کوئی برتری حاصل نہیں، نبی کریم ﷺ کا واضح فرمان ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ کسی کالے کو گورے پر اور کسی گورے کو کالے پر کوئی فضیلت نہیں، نبی کریم ﷺ نے انسانی مساوات کا اصول واضح کردیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے مسلمان کی جان و حرمت کو مقدس مقامات اور مقدس ایام کی حرمت کے برابر قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے نبوت کی سب سے پہلی دلیل کے طور پر اپنا کردار لوگوں کے سامنے پیش کیا۔ اہل مکہ نے نبی کریم ﷺ کو صادق اور امین تسلیم کیا، آپ ﷺ کی سچائی کی گواہی دشمن بھی دیتے تھے۔

شہباز شریف نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کا کردار آپ ﷺ کا پہلا معجزہ اور قرآن مجید دوسرا معجزہ ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ نئی نسل کی اخلاقی اور شخصیتی تربیت کے لیے سیرت النبی ﷺ کو عام کرنا ہوگا۔ اپنے بچوں کو سچائی، امانت، دیانت، صبر اور انسانیت کا درس دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو ہم نے امت مسلمہ کو متحد کرنے کے لیے اپنی بساط کے مطابق کردار ادا کیا۔ جب امت ایک بڑے بحران کے دہانے پر کھڑی تھی، ہم نے جنگ بندی کے لیے مسلسل کوششیں کیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو متحد کرنے کے لیے دن رات کاوشیں کی گئیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو اس پورے عرصے میں بھرپور کردار ادا کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

مزید پڑھیں: مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ: اسلام آباد تینوں ممالک کے پرچموں اور برقی قمقموں سے جگمگا اٹھا

وزیراعظم نے کہا کہ الحمدللہ ہماری مشترکہ محنت رنگ لائی اور عارضی جنگ بندی ممکن ہوئی۔ امن دشمنوں نے مسلمانوں کو تقسیم کرنے اور ان میں نفرت کا زہر گھولنے کی بھرپور کوشش کی، تاہم اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے دشمن اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہ ہوسکے۔

شہباز شریف نے کہا کہ مسلمانوں کے اتحاد اور کاوشوں کا بہترین نتیجہ معاہدۂ مکہ مکرمہ کی صورت میں ہمارے سامنے ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

پمز سانحہ پر مصطفیٰ کمال کے استعفے کا مطالبہ، وزیر صحت کا خود کو احتساب کے لیے پیش کرنے کا اعلان

اسپانٹک چوٹی پر پاکستانی کوہ پیما ڈاکٹر اسما مشتاق کی میت کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری

رحمت للعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی کی ایک اور تحقیقی تصنیف نے قومی سطح پر نمایاں اعزاز حاصل کرلیا

نوجوانوں کو سیرت رسول ﷺ کی تعلیمات سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے، وزیر مذہبی امور سردار یوسف

پمز میں فائر سیفٹی خامیوں کی نشاندہی، ڈاکٹرز اور عملے کو فائر سیفٹی ٹریننگ بھی نہ مل سکی

ویڈیو

مولانا فضل الرحمان اور عمران خان کے حامی اپوزیشن اتحاد قبول کریں گے؟ پشاور کے شہریوں کی رائے

پی ٹی آئی اپنے بانی چیئرمین عمران خان کی رہائی کے لیے کوئی کوشش نہیں کر رہی، ایڈووکیٹ فیصل چوہدری

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دورہ تہران، ایک بار پھر ایران امریکا مذاکرت شروع ہونے کے امکانات روشن

کالم / تجزیہ

عام آدمی کے بیٹوں کا نوحہ

‘میں واپس آؤں گا’ سے تازہ ہونے والے دکھ

اِکّو اَلف تیرے دَرکار