براڈ پیک پر برفانی تودے کی زد میں آکر جاں بحق ہونے والے عالمی شہرت یافتہ برطانوی نژاد نیپالی کوہ پیما نرمل پرجا سمیت 5 بین الاقوامی کوہ پیماؤں کی لاشیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسکردو منتقل کر دی گئی ہیں، جبکہ 2 لاپتا کوہ پیماؤں کی تلاش مسلسل 8ویں روز بھی جاری ہے۔
اسکردو منتقلی، قانونی کارروائی مکمل
الپائن کلب آف پاکستان (اے سی پی ) کے مطابق نرمل پرجا، وانگ ژونگ، نیما شیرپا، گیالو شیرپا اور کلی پیمبا ‘کیلو’ شیرپا کی لاشیں انتہائی دشوار ریسکیو آپریشن کے بعد ہیلی کاپٹر کے ذریعے کمبائنڈ ملٹری اسپتال اسکردو منتقل کی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں:براڈ پیک : برفانی تودہ گرنے سے ہلاک ہونے والے 4 کوہ پیماؤں کی لاشیں بیس کیمپ پہنچا دی گئیں
براڈ پیک پر برفانی تودے کے بعد جاری سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے 8 روز بعد مزید پانچ بین الاقوامی کوہ پیماؤں کی لاشیں پاک فوج کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے سکردو منتقل کر دی گئیں۔
سکردو ایوی ایشن پر سول و عسکری افسران، عمائدین شہر، متعلقہ اداروں کے نمائندوں اور کوہ پیماؤں کی بڑی تعداد نے… pic.twitter.com/E1Pj4Qyupp— PTV News (@PTVNewsOfficial) August 6, 2026
ادارے کے مطابق ضروری قانونی کارروائی، شناخت اور دستاویزی مراحل مکمل ہونے کے بعد لاشوں کو خصوصی انتظامات کے تحت اسلام آباد منتقل کیا جائے گا، جہاں سے انہیں ان کے آبائی ممالک روانہ کیا جائے گا۔
ریاستی اعزاز کے ساتھ آخری رخصتی
پاکستان آرمی کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسکردو پہنچنے پر الپائن کلب آف پاکستان، بلتستان کی سول انتظامیہ، فوجی حکام، محکمہ سیاحت اور ضلعی انتظامیہ کے نمائندوں نے لاشیں وصول کیں۔
بعد ازاں تمام لاشوں کو تابوتوں میں رکھا گیا اور ہر تابوت کو متعلقہ ملک کے قومی پرچم میں لپیٹ کر سرکاری اعزاز کے ساتھ الوداع کیا گیا۔ اس موقع پر شرکا نے جاں بحق کوہ پیماؤں کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا۔
2 کوہ پیما تاحال لاپتا
الپائن کلب آف پاکستان کے سیکریٹری جنرل ایاز شگری کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 7 لاشیں براڈ پیک سے نکال کر اسکردو منتقل کی جا چکی ہیں، جبکہ پاکستانی کوہ پیما سہیل سخی اور امریکی کوہ پیما سارہ میلوری گیس تاحال لاپتا ہیں اور ان کی تلاش 8ویں روز بھی جاری ہے۔
ایاز شگری نے بتایا کہ ہفتے کے روز کچھ انسانی باقیات سارہ میلوری گیس کی سمجھی گئی تھیں، تاہم ان کی لاش اب تک برآمد نہیں ہو سکی۔
دوسری جانب الپائن کلب آف پاکستان کی نمائندہ نائلہ کیانی کے مطابق نوانگ تھندو شیرپا کی لاش ایک بلند اور برفانی تودوں سے متاثرہ مقام پر دیکھی گئی، تاہم انتہائی خطرناک صورتحال کے باعث اسے نکالا نہیں جا سکا۔
انتہائی مشکل حالات میں ریسکیو آپریشن
الپائن کلب آف پاکستان نے کہا کہ سرچ اور ریسکیو آپریشن انتہائی دشوار اور خطرناک حالات میں انجام دیا گیا۔ مقامی ہائی آلٹیٹیوڈ پورٹرز، ریسکیو اہلکاروں اور کوہ پیماؤں نے غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کا مظاہرہ کیا، جس پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
مزید پڑھیں:براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے کے بعد ریسکیو آپریشن جاری، 10 میں سے 4 کوہ پیماؤں کی لاشیں برآمد
ادارے کے مطابق پاکستان آرمی، مقامی ریسکیو ٹیمیں اور متعلقہ ادارے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے باقی لاپتا کوہ پیماؤں کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔
براڈ پیک پر 30 جولائی کو آنے والے برفانی تودے نے 10 رکنی بین الاقوامی مہم کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا، جس کی قیادت 43 سالہ عالمی شہرت یافتہ برطانوی نژاد نیپالی کوہ پیما نرمل پرجا کر رہے تھے۔ حادثے کے بعد ان کی کمپنی نے تصدیق کی تھی کہ مہم کا کوئی بھی رکن زندہ نہیں بچا۔
قبل ازیں عمان کی نذیرہ احمد عبداللہ الحارثی اور نیپال کے پور بہادر گرونگ کی لاشیں بھی برآمد کرکے اسکردو منتقل کی جا چکی تھیں، جبکہ نرمل پرجا، وانگ ژونگ، نیما شیرپا اور کلی پیمبا شیرپا کی لاشیں اتوار کو برآمد ہوئی تھیں۔
خراب موسم کے باعث انہیں فوری طور پر بیس کیمپ سے منتقل نہیں کیا جا سکا، تاہم موسم بہتر ہونے پر ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسکردو پہنچایا گیا۔














