کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی کو فوری طور پر عالمی پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا جائے، چین کا سلامتی کونسل میں مطالبہ

جمعہ 7 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چین نے خبردار کیا ہے کہ افغانستان میں موجود دہشتگرد تنظیمیں خطے کے امن و سلامتی کے لیے بدستور سنگین خطرہ بنی ہوئی ہیں، جبکہ شدت پسند تنظیم داعش خراسان (IS-K) سرحد پار حملے کرنے کی اپنی صلاحیت اور عزم میں مسلسل اضافہ کر رہی ہے۔

یہ بات اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مشن کے ناظم الامور سن لی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس کا عنوان ’دہشتگردی کی کارروائیوں سے بین الاقوامی امن و سلامتی کو لاحق خطرات‘ تھا۔

سن لی نے کہا کہ چین افغانستان کی موجودہ حکومت، یعنی طالبان، پر زور دیتا ہے کہ وہ دہشتگردی کے خلاف کیے گئے اپنے وعدوں کو پورا کرے اور ملک میں موجود تمام دہشتگرد گروہوں کے خلاف بلاامتیاز اور فیصلہ کن کارروائی کرے۔

انہوں نے کہا کہ ان گروہوں میں وہ افراد اور تنظیمیں بھی شامل ہیں جو سلامتی کونسل کی قرارداد 1267 کے تحت قائم پابندیوں کی فہرست میں شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیے افغانستان دہشتگرد گروہوں کی محفوظ پناہ گاہ بن چکا، عالمی برادری مؤثر اقدامات کرے، پاکستان

چینی مندوب کے مطابق ایسے اقدامات ناگزیر ہیں تاکہ افغانستان دوبارہ عالمی دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہ نہ بن سکے۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کی بنیادی وجوہات کے خاتمے کے لیے عالمی برادری کو افغانستان کی اقتصادی بحالی، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے میں بھی مدد فراہم کرنی چاہیے۔

سن لی نے کہا کہ چین وسطی ایشیائی ممالک، شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) اور افغانستان کے درمیان تعاون کی حمایت کرتا ہے تاکہ سرحد پار دہشتگردی کے خطرات کا مشترکہ طور پر مقابلہ کیا جا سکے۔

دہشتگرد جدید ٹیکنالوجی استعمال کر رہے ہیں

چینی مندوب نے خبردار کیا کہ دہشتگرد تنظیمیں اب انٹرنیٹ، مصنوعی ذہانت (AI)، ڈرونز اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز کو اشتعال انگیزی، بھرتی، مالی معاونت اور دہشتگرد حملوں کے لیے استعمال کر رہی ہیں، جس سے عالمی انسدادِ دہشتگردی کی کوششوں کو نئے چیلنجز درپیش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چین اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی ان کوششوں کی حمایت کرتا ہے جن کا مقصد جدید ٹیکنالوجیز کے مؤثر ضابطہ کار، خطرات کے بہتر تجزیے اور مضبوط قانونی و نگرانی کے نظام کو فروغ دینا ہے۔

سن لی نے زور دیا کہ پرتشدد دہشتگردی، نسلی علیحدگی پسندی اور مذہبی انتہا پسندی جیسی قوتوں کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے اپنا اثر و رسوخ بڑھانے سے روکا جانا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ترقی پذیر ممالک کو ٹیکنالوجی کی منتقلی، جدید آلات، تکنیکی معاونت، تربیت اور انٹیلی جنس کے تبادلے کے ذریعے مزید تعاون فراہم کیا جائے تاکہ ان کی انسدادِ دہشتگردی کی صلاحیتوں میں اضافہ ہو سکے۔

کالعدم  بلوچستان لبریشن آرمی پر پابندیوں کا مطالبہ

چینی مندوب نے کہا کہ سلامتی کونسل کو قرارداد 1267 اور 2713 کے تحت قائم پابندیوں کے نظام سے بھرپور استفادہ کرنا چاہیے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ کالعدم  بلوچستان لبریشن آرمی (BLA) اور اس کے مجید بریگیڈ ونگ کو جلد از جلد عالمی پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا جائے تاکہ دہشتگردی کے خلاف بین الاقوامی کوششوں کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

پاکستان میں خودکش حملے کی مذمت

سن لی نے پاکستان میں حالیہ خودکش حملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس حملے میں متعدد شہری جاں بحق اور زخمی ہوئے۔

انہوں نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ پاکستان کی انسدادِ دہشتگردی کی کوششوں کی بھرپور حمایت کرے۔

دہشتگردی کا عالمی خطرہ بدستور برقرار

چینی مندوب نے کہا کہ بین الاقوامی دہشتگردی کا خطرہ اب بھی پیچیدہ اور نہایت سنگین نوعیت کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے مختلف حصوں میں دہشتگرد حملے جاری ہیں، شدت پسند تنظیمیں اپنی عملی صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ کر رہی ہیں اور علاقائی تنازعات سے فائدہ اٹھا کر اپنا اثر و رسوخ وسیع کر رہی ہیں، جو عالمی امن اور سلامتی کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔

یہ بھی پڑھیے بدخشاں میں طالبان کے اعلیٰ عہدیدار کی ہلاکت، افغانستان کی سیکیورٹی صورتحال پر سوالیہ نشان؟

سن لی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مشترکہ، جامع، باہمی تعاون پر مبنی اور پائیدار سلامتی کے اصولوں پر مبنی نئے سیکیورٹی تصور کو فروغ دے۔

انہوں نے دہشتگردی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنانے، انسدادِ دہشتگردی کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے سے گریز کرنے اور عالمی سطح پر زیادہ اتحاد، تعاون اور مربوط اقدامات کے ذریعے دہشتگردی کے خلاف کوششوں کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

پونچھ اور پلندری میں امن و امان کی صورتحال، آزاد کشمیر انتخابات کا تیسرا مرحلہ مؤخر

سیف علی خان بچپن میں پیسے چراتے تھے، بہن صبا پٹودی نے بھائی کا راز فاش کردیا

میر رضا علی قتل کیس: میڈیکل بورڈ کی تبدیلی پر اہلخانہ کا اعتراض، نئی کمیٹی مسترد کردی

پاکستان میں عالمی معیار کے اسپورٹس جوتے تیار ہوں گے، فارورڈ اسپورٹس اور چینی کمپنی کے درمیان معاہدہ

تھائی لینڈ: نو عمر طالب علم نےدادا، دادی، اساتذہ اور ساتھی طلبہ پر گولیاں برسا دیں، 7 ہلاک، متعدد زخمی

ویڈیو

آزاد کشیر کے عوام نے مسلم لیگ ن پر اعتماد کیا، ہم پیپلز پارٹی کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے، شاہ غلام قادر

شہبازشریف کا مستقبل کیا؟ بڑی خبر، کراچی میں ایم کیو ایم کی جگہ پی ٹی آئی کیوں؟ نئے صوبوں کا قیام، اندر کی خبر

براڈ پیک سانحہ: نرمل پرجا سمیت 5 بین الاقوامی کوہ پیماؤں کی لاشیں اسکردو منتقل، 2 لاپتا افراد کی تلاش جاری

کالم / تجزیہ

اپنی زندگی کے ایڈیٹر بنیں، رائٹر نہیں

گلا سڑا نظام اور وزیر داخلہ کی تقریر

کشمیر: بین الاقوامی قانون کیا کہتا ہے؟