پاکستان کے تجربہ کار بائیں ہاتھ کے اسپنر نعمان علی نے کاؤنٹی چیمپیئن شپ کی ٹیم لنکا شائر سے معاہدہ کرلیا ہے۔
لنکا شائر نے 2026 کی کاؤنٹی چیمپیئن شپ کے بقیہ سیزن کے لیے نعمان علی کو اسکواڈ میں شامل کیا ہے، جہاں وہ اگست اور ستمبر میں ٹیم کے آخری 6 فرسٹ کلاس میچز میں نمائندگی کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ’ہم معذرت خواہ ہیں‘، پاکستانی شرٹ پہنے تماشائی کو نکالنے پر لنکاشائر نے معافی مانگ لی
39 سالہ نعمان علی کی جانب سے لنکا شائر کے لیے پہلا میچ نارتھمپٹن شائر کے خلاف 20 اگست کو ایمریٹس اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلنے کا امکان ہے۔
نعمان علی پاکستان کے لیے ٹیسٹ کرکٹ میں شاندار ریکارڈ رکھتے ہیں اور 2021 میں ڈیبیو کے بعد 100 سے زائد وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ ان کی ٹیسٹ کرکٹ میں اوسط تقریباً 25 رنز فی وکٹ رہی ہے۔
بائیں ہاتھ کے اسپنر نے حالیہ برسوں میں پاکستان کے نمایاں ریڈ بال بولرز میں جگہ بنائی۔ انہوں نے انگلینڈ کے خلاف شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 46 رنز دے کر 8 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ 2025 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ میچ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے پہلے پاکستانی اسپنر بنے۔
جنوبی افریقا کے خلاف لاہور ٹیسٹ میں 10 وکٹیں حاصل کرنے کے بعد نعمان علی گزشتہ سال اکتوبر میں آئی سی سی ٹیسٹ بولنگ رینکنگ میں دوسرے نمبر پر بھی پہنچ گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی ٹی شرٹ پہنے تماشائی کو گراؤنڈ سے باہر کیوں نکالا گیا؟ لنکاشائر کلب نے ایکشن لے لیا
لنکا شائر سے معاہدے کے بعد نعمان علی نے کہا کہ وہ پہلی مرتبہ انگلش کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے کے لیے پرجوش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کاؤنٹی چیمپیئن شپ ایک شاندار مقابلہ ہے اور وہ ایمریٹس اولڈ ٹریفورڈ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلنے کے منتظر ہیں۔
نعمان علی نے کہا کہ لنکا شائر برطانیہ کے بڑے کلبوں میں شامل ہے جس کی تاریخ بہت شاندار ہے، جبکہ انہیں پاکستان کے عظیم کرکٹر وسیم اکرم کے نقش قدم پر چلنے کا موقع مل رہا ہے، جو کئی برس تک لنکا شائر کی نمائندگی کرچکے ہیں۔














