بھارتی بی جے پی رکن اسمبلی کا داماد پر 25 خواتین سے شادی کا الزام

پیر 10 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی ریاست اترپردیش کے بی جے پی رکن اسمبلی گیان تیواری نے اپنے داماد پر جعلی شناخت استعمال کرکے قریباً 25 خواتین سے شادی کرنے اور انہیں مبینہ طور پر دھوکا دینے کا الزام عائد کیا ہے۔

مزید پڑھیں:بالی ووڈ فلم ’دادی کی شادی‘ پاکستانی ٹیلی فلم کی کاپی ہے، سوشل میڈیا پر سنگین الزامات

گیان تیواری کے مطابق ان کی بیٹی کی شادی 2024 میں پرکھر تریویدی سے ہوئی تھی، جس نے خود کو ممبئی میں مقیم رئیل اسٹیٹ کا کاروباری ظاہر کیا اور اپنی مبینہ سابقہ شادیوں اور مجرمانہ پس منظر کو چھپایا۔

رکن اسمبلی کا کہنا ہے کہ شادی کے 2 سال سے زائد عرصے بعد سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع سے انہیں داماد کی مبینہ سرگرمیوں کا علم ہوا۔ ان کے مطابق پرکھر نے مختلف ریاستوں میں جعلی شناخت کے ذریعے متعدد خواتین سے شادیاں کیں اور انہیں کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا۔

شکایت پر اترپردیش پولیس نے مقدمہ درج کرکے پرکھر تریویدی اور اس کے والد انوج تریویدی کو گرفتار کرلیا ہے۔ گیان تیواری نے اپنی بیٹی کو واپس گھر لانے اور ملزمان سے تمام سماجی و ذاتی تعلقات ختم کرنے کا بھی اعلان کیا۔

مزید پڑھیں:چترال: نوجوان کی خودکشی، گرفتار لیڈی ڈاکٹر پر شادی کے لیے دباؤ ڈالنے کا الزام

تاہم 25 شادیوں اور خواتین کو دھوکا دینے کے الزامات تاحال تحقیقات کا حصہ ہیں اور ان کی حتمی قانونی تصدیق ہونا باقی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp