گول کا جشن منانا مہنگا پڑ گیا، فٹبالر سرنگ میں جا گرا، چوٹ بھی لگی اور گول بھی منسوخ

پیر 10 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

برازیلین فٹبالر جاسی مارانیاؤ کے ساتھ گول کی خوشی مناتے ہوئے ایسا انوکھا حادثہ پیش آیا کہ خوشی چند ہی لمحوں میں تکلیف میں بدل گئی۔

برازیلین سیری اے میں کوریتیبا اور چیپیکوئنس کے درمیان کھیلے گئے میچ کے دوران کوریتیبا کے دفاعی کھلاڑی جاسی مارانیاؤ نے گول اسکور کرنے کے بعد شائقین کے ساتھ جشن منانے کے لیے اشتہاری بورڈ عبور کرنے کی کوشش کی تاہم وہ بورڈ کے پیچھے موجود کھلی گہری سرنگ میں جا گرے۔

مارانیاؤ کا خیال تھا کہ ان کے گول کی بدولت کوریتیبا نے میچ میں 2-0 کی برتری حاصل کرلی ہے تاہم سرنگ میں گرنے کے باعث انہیں چوٹ بھی لگی۔

واقعے کے بعد ویڈیو اسسٹنٹ ریفری (VAR) نے گول کا جائزہ لیا تو مارانیاؤ کو آف سائیڈ قرار دے دیا گیا جس کے باعث گول منسوخ کردیا گیا۔

29 سالہ کھلاڑی حادثے کے بعد کچھ دیر کے لیے دوبارہ میدان میں نظر آئے تاہم چوٹ کے باعث انہیں دوسرے ہاف میں متبادل کھلاڑی کے طور پر باہر بٹھا دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ’لگا جیسے خواب دیکھ رہی ہوں‘، اسٹار فٹبالر ایرلنگ ہالینڈ سے مشابہت رکھنے والی روسی ماڈل کی ویڈیو وائرل

دلچسپ بات یہ ہے کہ برازیل کے اسی اسٹیڈیم میں تقریباً 10 سال قبل بھی ایک کھلاڑی جشن مناتے ہوئے اسی سرنگ میں جا گرا تھا۔

کیمرون کے فٹبالر ڈیڈیرک جوئل تاگوئیو-تادجو نے بھی اشتہاری بورڈ عبور کرتے ہوئے اسی جگہ چھلانگ لگائی تھی، تاہم اس وقت ان کا گول برقرار رہا اور وہ ساؤ پاؤلو کے خلاف میچ مکمل کرنے میں کامیاب رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ایک میچ کروڑوں مداح: ورلڈ کپ فٹبالرز کے لیے سوشل میڈیا کا گراؤنڈ، یہ شہرت دیرپا یا عارضی؟

برازیلین صحافی لیونارڈو مینڈس جونیئر نے دونوں واقعات میں ایک حیران کن مماثلت کی نشاندہی کرتے ہوئے بتایا کہ جاسی کو سرنگ میں گرنے سے روکنے کی کوشش کرنے والا سیکیورٹی گارڈ وہی شخص تھا جس نے تقریباً ایک دہائی قبل جوئل کو بھی روکنے کی کوشش کی تھی۔

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصرے کیے جا رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp