رونالڈو کی شادی کی افواہ پر ہزاروں مداح چرچ پہنچ گئے، اسٹار فٹبالر کا دلچسپ ردِعمل سامنے آگیا

پیر 10 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پرتگالی فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو اور جارجینا روڈریگز کی شادی کی افواہ نے مادیرا کے شہر فنشل میں ایسا ہنگامہ برپا کیا کہ ہزاروں مداح ایک چرچ کے باہر جمع ہوگئے تاہم وہاں پہنچ کر انہیں ایسی حقیقت کا سامنا کرنا پڑا جس نے سب کو حیران کردیا۔

سوشل میڈیا اور مقامی سطح پر یہ خبر تیزی سے پھیل گئی کہ رونالڈو اپنی منگیتر جارجینا روڈریگز کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھنے والے ہیں۔ خبر پھیلتے ہی بڑی تعداد میں مداح فنشل کے ایک چرچ کے باہر پہنچ گئے تاکہ دنیا کے معروف فٹبالر کی شادی کی ایک جھلک دیکھ سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: رونالڈو کی شادی کی تیاریاں مکمل؟ تقریب کی تاریخ اور مقام سے متعلق تفصیلات سامنے آگئیں

مداحوں کو یقین تھا کہ بس کچھ ہی دیر میں رونالڈو اور جارجینا چرچ میں داخل ہوں گے لیکن جب شادی کی تقریب شروع ہوئی تو حقیقت سامنے آگئی۔ چرچ میں شادی تو واقعی ہو رہی تھی مگر دولہا رونالڈو اور دلہن جارجینا نہیں تھے!

وہاں موجود افراد کو معلوم ہوا کہ یہ ایک عام جوڑے کی شادی کی تقریب تھی جو اچانک رونالڈو کے مداحوں کے ایک بڑے ہجوم کے سامنے منعقد ہونے لگی۔ یوں رونالڈو کی شادی دیکھنے پہنچنے والے ہزاروں افراد غیر ارادی طور پر دو اجنبی افراد کی شادی کے گواہ بن گئے۔

معاملہ جب کرسٹیانو رونالڈو تک پہنچا تو فٹبالر بھی اسے نظر انداز نہ کرسکے۔ انہوں نے ’جورنال دا مادیرا‘ کی جانب سے واقعے سے متعلق کی گئی پوسٹ پر ہنستے ہوئے ایموجیز کے ذریعے ردعمل دیا۔

دوسری جانب رونالڈو اور جارجینا کی حقیقی شادی سے متعلق قیاس آرائیاں کئی عرصے سے جاری ہیں۔ دونوں نے 2025 میں اپنی منگنی کا اعلان کیا تھا اور 2016 سے ایک ساتھ ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی شادی سے متعلق معمولی سی افواہ بھی دیکھتے ہی دیکھتے بڑی خبر بن جاتی ہے۔

فرانسیسی میڈیا کے مطابق مادیرا میں یہ افواہیں بھی گردش کر رہی ہیں کہ جوڑا رواں موسمِ گرما میں شادی کرسکتا ہے تاہم رونالڈو یا جارجینا کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp