راولپنڈی میں قیدی کے فرار ہونے پر 3 پولیس اہلکار گرفتار

بدھ 12 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

راولپنڈی پولیس نے عدالتی پیشی کے بعد جہلم جیل منتقل کیے جانے والے قیدی کے فرار میں مبینہ معاونت کے الزام میں اڈیالہ جیل کے 3 اہلکاروں کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار اہلکاروں میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر توقیر حسین، ہیڈ کانسٹیبل محبوب خان اور کانسٹیبل قاسم شامل ہیں۔ تینوں کو سٹی پولیس افسر حسن مشتاق سکھیرا کی ہدایت پر گرفتار کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: اڈیالہ جیل کی پریزن وین سے 14 قیدی فرار، 4 کو دوبارہ پکڑ لیا گیا

پولیس کے مطابق واقعہ منگل کو مندرہ کے علاقے میں پیش آیا، جہاں سنگین جرائم میں ملوث قیدی حماد کو عدالت سے جہلم جیل منتقل کیا جارہا تھا۔

پولیس بیان کے مطابق گرفتار اہلکاروں اور قیدی کے ساتھیوں نے اسے سرکاری گاڑی سے نکال کر نجی گاڑی میں منتقل کرنے کی منصوبہ بندی کی۔ مندرہ پولیس نے مشتبہ افراد کو روکنے کی کوشش کی تو حماد اور اس کے ساتھیوں نے پولیس پر فائرنگ کردی، جس کے دوران حماد فرار ہوگیا جبکہ اس کا ایک ساتھی دانیال گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتار ملزم سے کلاشنکوف بھی برآمد ہوئی۔

گوجر خان کے سب ڈویژنل پولیس افسر سید دانیال حسن کے مطابق حماد کے ساتھ سفر کرنے والے اہلکاروں، جن میں گرفتار کیے گئے تینوں اہلکار بھی شامل تھے، نے وین کے ڈرائیور کو ایک ہوٹل پر گاڑی روکنے کا کہا۔ ڈرائیور کو شبہ ہوا تو اس نے مندرہ پولیس کو اطلاع دی۔

یہ بھی پڑھیں: اڈیالہ جیل سے علاج کے لیے اسپتال منتقل سزا یافتہ قیدی فرار

پولیس افسر کے مطابق مندرہ تھانے کے ایس ایچ او سید ذکا الحسن موقع پر پہنچے تو قیدی کے ساتھی اسے نجی گاڑی میں منتقل کرکے پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔

پولیس نے سرکاری وین بھی قبضے میں لے لی ہے۔ پولیس کے مطابق حماد پر اڈیالہ جیل کے ایک اہلکار کے قتل کا بھی الزام ہے اور چند روز قبل اڈیالہ جیل میں اس سے موبائل فون برآمد ہونے کے بعد اسے جہلم جیل منتقل کیا گیا تھا۔

واقعے کا مقدمہ مندرہ تھانے میں درج کرلیا گیا ہے، جبکہ حماد کی گرفتاری کے لیے پولیس کے چھاپے اور سرچ آپریشن جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں زلزلے کے دوران ملیر جیل میں ہنگامہ، 200 سے زائد قیدی فرار، ایک ہلاک

واضح رہے کہ جون میں بھی 14 زیرِحراست قیدی کہوٹہ سے اڈیالہ جیل منتقلی کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں پر قابو پاکر قیدی وین سے فرار ہوگئے تھے۔ ان میں سے 4 قیدیوں کو بعد میں دوبارہ گرفتار کرلیا گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp