آزاد جموں و کشمیر تعلیمی بورڈ میرپور نے میٹرک (سیکنڈری اسکول سرٹیفکیٹ پارٹ 2) سالانہ امتحان 2026 کے نتائج کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔
جاری کردہ نتائج کے مطابق امتحانات میں طالبات کا مکمل غلبہ رہا، جنہوں نے سائنس اور جنرل دونوں گروپس میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اکثریت پوزیشنز اپنے نام کر لیں۔
یہ بھی پڑھیں: پشاور تعلیمی بورڈ کے نتائج، طلبا سب سے زیادہ کون سے مضمون میں فیل ہوئے؟
سائنس گروپ میں شدید مقابلے کے بعد 3 طالبات نے 1200 میں سے 1184 نمبر حاصل کر کے مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ ان میں پیس ایجوکیشنل انسٹیٹیوٹ سہنسہ (ضلع کوٹلی) کی سمیعہ چوہدری، ریڈ فاؤنڈیشن کالج میرپور کی امامہ مزمل اور ریڈ فاؤنڈیشن ہائی اسکول سنگر بٹھارہ (ضلع باغ) کی مہروش نعیم عباسی شامل ہیں۔
اسی گروپ میں مخزارا شاہد اور نتالیہ محبوب 1183 نمبروں کے ساتھ دوسرے جبکہ وردہ امجد، ادیبہ ظہیر، مومنہ شاہد، ثنا اعجاز اور ایمن اعجاز 1182 نمبر لے کر مشترکہ طور پر تیسرے نمبر پر رہیں۔
دوسری جانب سائنس گروپ (طلبہ) میں گورنمنٹ ہائی اسکول گوراہ (ضلع سدھنوتی) کے عبداللہ ریاض نے 1178 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔
ریڈ فاؤنڈیشن ہائی اسکول دھیرکوٹ کے احمد طاہر راجہ اور ریڈ فاؤنڈیشن اسکول بگنا (مظفرآباد) کے سرمد حفیظ اعوان نے 1176 نمبروں کے ساتھ دوسری، جبکہ راجہ حسن علی نے 1175 نمبر حاصل کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
یہ بھی پڑھیں: ناقص تعلیمی نتائج کے بعد گلگت بلتستان حکومت نے وفاق سے تعاون طلب کرلیا
جنرل گروپ میں بھی طالبات نے شاندار فتح سمیٹتے ہوئے تینوں اعلیٰ پوزیشنز اپنے نام کیں۔ گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول مکھیا لہ (ضلع باغ) کی فریال عمران نے 1127 نمبر لے کر پہلی، کشمیر پبلک اسکول پھگواڑی (ضلع کوٹلی) کی امامہ فاطمہ نے 1110 نمبر کے ساتھ دوسری اور رائل ماڈل اسکول بھمبر کی امریں مظہر نے 1108 نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن پائی۔
جنرل گروپ (طلبہ) میں ضلع باغ کے پرائیویٹ امیدوار عبداللہ مسعود توحیدی نے 1117 نمبروں کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کر کے سب کو حیران کر دیا، جبکہ گورنمنٹ پائلٹ ہائی اسکول باغ کے محمد ایان 1110 نمبر کے ساتھ دوسرے اور پرائیویٹ امیدوار محمد اریب خان 1102 نمبر کے ساتھ تیسرے مقام پر رہے۔
کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سائنس گروپ میں ٹاپ کرنے والی سمیعہ چوہدری، امامہ مزمل اور مہروش نعیم عباسی نے اپنی کامیابی کو اساتذہ کی رہنمائی، والدین کی دعاؤں اور روزانہ کی بنیاد پر نظم و ضبط کے ساتھ کی گئی محنت کا نتیجہ قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی بورڈ نے میٹرک کے نتائج کا اعلان کردیا، طالبات پھر بازی لے گئیں
سائنس گروپ کے ٹاپ پوزیشن ہولڈر عبداللہ ریاض اور جنرل گروپ کے پرائیویٹ امیدوار عبداللہ مسعود توحیدی کا کہنا تھا کہ مناسب رہنمائی اور مسلسل جدوجہد سے ہر طالب علم اعلیٰ نتائج حاصل کر سکتا ہے، اور وہ آئندہ بھی اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے ملک و ملت کی خدمت جاری رکھیں گے۔














