جیل میں شلپا شیٹھی سے طلاق کی افواہ سن کر زندگی ختم کرنے کا خیال آیا، راج کندرا کا انکشاف

بدھ 19 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی بزنس مین اور اداکار راج کندرا نے 2021 کے فحش مواد کیس میں جیل میں گزارے 63 دنوں کے دوران پیش آنے والے مشکل حالات اور اپنی ذہنی کیفیت کے بارے میں اہم انکشافات کیے ہیں۔

ایک حالیہ انٹرویو میں راج کندرا نے بتایا کہ ممبئی کی آرتھر روڈ جیل میں قید کے دوران انہیں میڈیا کے ذریعے یہ خبر ملی کہ ان کی اہلیہ اور اداکارہ شلپا شیٹی انہیں چھوڑ کر طلاق لینے والی ہیں۔ راج کندرا کے مطابق یہ خبر سن کر وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہوئے اور ایک رات انہیں زندگی ختم کرنے کا خیال بھی آیا۔

یہ بھی پڑھیں: ’فین تو ملا نہیں لیکن میں فین ہو گئی‘، شلپا شیٹھی کا دھرندھر کے گانے پر رقص

راج کندرا کا کہنا تھا کہ جیل میں پہلے ہی حالات انتہائی مشکل تھے، ایسے میں طلاق کی افواہ نے ان کی پریشانی مزید بڑھا دی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اس رات سو نہیں سکے اور انہیں محسوس ہوا کہ زندگی میں آگے بڑھنے کی کوئی وجہ باقی نہیں رہی۔

ان کے مطابق اگلے روز انہوں نے شلپا شیٹی سے فون پر بات کی تو اداکارہ نے انہیں یقین دلایا کہ یہ محض افواہ ہے اور وہ ان کے ساتھ کھڑی ہیں۔ شلپا کی جانب سے اعتماد اور حمایت کے اظہار کے بعد راج کندرا کا کہنا ہے کہ انہیں دوبارہ حوصلہ ملا اور انہوں نے خود کو حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ’پہلے 60 کروڑ روپے ادا کریں‘، عدالت نے بھارتی اداکارہ شلپا شیٹھی پر بیرون ملک سفر کی شرط رکھ دی

راج کندرا نے جیل کے حالات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے 63 دنوں کے دوران زیادہ تر پارلے جی بسکٹ اور پانی پر گزارا کیا اور اس دوران ان کا وزن تقریباً 17 سے 18 کلو کم ہوگیا۔ انہوں نے جیل میں شدید ازدحام اور مشکل حالات کا بھی دعویٰ کیا۔

واضح رہے کہ راج کندرا کو جولائی 2021 میں فحش مواد کی تیاری اور تقسیم سے متعلق ایک کیس میں گرفتار کیا گیا تھا۔ وہ تقریباً دو ماہ جیل میں رہے اور ستمبر 2021 میں انہیں ضمانت مل گئی تھی۔

راج کندرا نے بعد ازاں اپنے جیل کے تجربات سے متاثر ہوکر فلم UT69 بھی بنائی، جس میں انہوں نے خود مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp