وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ دہشتگرد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو پروپیگنڈا اور خوف پھیلانے کے لیے استعمال کرتے ہیں، اس لیے پاکستان میں محفوظ ڈیجیٹل ماحول کے لیے مؤثر نگرانی اور تعاون ناگزیر ہے۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری سے گوگل کے سینئر ڈائریکٹر ڈیوڈ ویلر کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں گوگل پاکستان کے نمائندے ڈاکٹر کائل گارڈنر بھی شامل تھے۔ ملاقات کے دوران ڈیجیٹل سیکیورٹی، دہشتگردی کے خلاف سوشل میڈیا کے مؤثر استعمال، آن لائن مواد کی بروقت روک تھام اور باہمی تعاون کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں گوگل کے دفتر کا افتتاح کردیا
طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان محفوظ اور پرامن ڈیجیٹل ماحول کے قیام کے لیے گوگل کے ساتھ تعاون اور رابطہ کاری مزید بڑھانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا جغرافیائی محل وقوع اور سیکیورٹی صورتحال دیگر ممالک سے مختلف ہے، اس لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو پاکستان کے مخصوص حالات کو مدنظر رکھنا ہوگا۔
وزیر مملکت داخلہ نے کہا کہ دہشتگرد عناصر سوشل میڈیا کو دہشتگردی کی تشہیر، نفرت انگیز مواد پھیلانے اور عوام میں خوف پیدا کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں، جس کے تدارک کے لیے سوشل میڈیا کی فعال اور بروقت نگرانی ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیے جیمنی پرو: گوگل کی پاکستانی طلبہ کو شاندار مفت پیشکش
اس موقع پر گوگل کے سینئر ڈائریکٹر ڈیوڈ ویلر نے کہا کہ کمپنی پاکستان میں محفوظ ڈیجیٹل ماحول کے لیے حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔
ملاقات میں سوشل میڈیا پروٹیکشن اینڈ ریگولیشن اتھارٹی کے اراکین ایم سعد علی اور سلمان ظفر، نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل خرم علی اور وزارت داخلہ کے جوائنٹ سیکرٹری ملک ثناء اللہ بھی موجود تھے۔














