پاکستانی روپے نے امریکی ڈالر کے مقابلے میں اپنی معمولی بہتری کا سلسلہ بدھ کو بھی جاری رکھا اور انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں ایک پیسے کی قدر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی روپے کی قدر بھارتی روپے کے مقابلے میں بہتر ہوگئی
اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق کاروباری روز کے اختتام پر پاکستانی روپیہ 277.60 روپے فی ڈالر پر بند ہوا، جبکہ گزشتہ روز منگل کو ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 277.61 روپے پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی بدھ کو امریکی ڈالر کی قدر بڑی عالمی کرنسیوں کے مقابلے میں کئی ماہ کی کم ترین سطح کے قریب رہی۔ امریکی ٹریژری بانڈز کی پیداوار میں حالیہ بلند ترین سطح سے کمی اور سرمایہ کاروں کی نظریں امریکی فیڈرل ریزرو کے حالیہ پالیسی اجلاس کی تفصیلات پر رہنے کے باعث ڈالر دباؤ میں رہا۔
سرمایہ کار فیڈرل ریزرو کے اجلاس کی تفصیلات کا انتظار کر رہے ہیں تاکہ مستقبل میں شرح سود کے حوالے سے مرکزی بینک کے ممکنہ اقدامات کے بارے میں اشارے مل سکیں۔
یورو کی قدر میں معمولی اضافہ دیکھا گیا اور یہ 1.1577 ڈالر پر پہنچ گیا جبکہ رواں ہفتے کے آغاز میں چھوئی گئی 2 ماہ کی بلند ترین سطح کے قریب برقرار رہا۔
برطانوی پاؤنڈ 1.3533 ڈالر پر تقریباً مستحکم رہا اور 3 ماہ کی بلند ترین سطح کے قریب موجود ہے۔ سرمایہ کار برطانیہ میں بدھ کو جاری ہونے والے افراط زر کے اعداد و شمار کے منتظر ہیں جن سے توقع کی جارہی ہے کہ قیمتوں میں مسلسل اضافے کا رجحان ظاہر ہوگا۔
مزید پڑھیے: مشرق وسطیٰ کشیدگی، عالمی مارکیٹوں میں ہلچل، بھارتی روپے کی قدر بھی گرگئی
جاپانی ین بھی ڈالر کے مقابلے میں 159.56 کی سطح پر تقریباً مستحکم رہا۔ ین نے حالیہ مداخلتی اقدامات کے بعد حاصل ہونے والی بہتری کا بڑا حصہ واپس کھو دیا ہے تاہم یہ اب بھی کئی دہائیوں کی کم ترین سطح 164 ین فی ڈالر سے کافی بہتر ہے۔
امریکی ڈالر انڈیکس، جو چھ بڑی عالمی کرنسیوں کے مقابلے میں ڈالر کی قدر کو ظاہر کرتا ہے معمولی کمی کے بعد 99.65 کی سطح پر رہا۔
دریں اثنا عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں بھی بدھ کو اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور خام تیل کی قیمتیں تین ہفتوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔
برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت میں 45 سینٹ یا 0.49 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 91.47 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل 45 سینٹ یا 0.53 فیصد اضافے کے بعد 85.39 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔
مزید پڑھیں: پاکستانی روپے کی قدر میں اضافہ، امریکی ڈالر دباؤ کا شکار
رپورٹ کے مطابق برینٹ خام تیل 30 جولائی کے بعد اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا جبکہ ڈبلیو ٹی آئی نے 31 جولائی کے بعد بلند ترین سطح ریکارڈ کی۔














