بھارت: اسکول میں استاد کا مبینہ تشدد، 6 سالہ بچہ جان کی بازی ہار گیا

جمعہ 21 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے شہر وشاکھاپٹنم کے ایک نجی اسکول میں مبینہ طور پر استاد کے تشدد کے بعد 6 سالہ بچہ گر کر جاں بحق ہوگیا، پولیس نے مقدمہ درج کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ ون ٹاؤن علاقے میں قائم لٹل گارڈن اسکول میں پیش آیا، جہاں 6 سالہ پرنائے تیجا کو مبینہ طور پر ہوم ورک مکمل نہ کرنے پر استاد نے ڈنڈے سے مارا۔ اہل خانہ کے مطابق استاد کی جانب سے مبینہ تشدد کے بعد بچہ خوف اور صدمے سے گر پڑا اور اسے فوری طور پر کنگ جارج اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔

اہل خانہ کا کہنا ہے کہ بچہ واقعے سے چند گھنٹے قبل بالکل صحت مند تھا اور خود اسکول جانے پر اصرار کرکے گھر سے نکلا تھا۔ بچے کے والد کے مطابق اسکول انتظامیہ کی جانب سے انہیں براہ راست اطلاع نہیں دی گئی بلکہ مقامی افراد نے فون کرکے واقعے سے آگاہ کیا۔

والد نے بتایا کہ بعد میں اسکول کی سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھی گئی، جس میں مبینہ طور پر استاد کو بچے کو مارتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ فوٹیج میں استاد کے مبینہ تشدد کے چند لمحوں بعد بچے کو گرتے ہوئے دیکھا گیا۔

اہل خانہ نے دعویٰ کیا ہے کہ بچوں پر جسمانی تشدد کا یہ پہلا واقعہ نہیں اور دیگر طلبہ کو بھی مبینہ طور پر مارا پیٹا جاتا رہا ہے۔ انہوں نے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر ریونیو ڈویژنل افسر دلیپ چکرورتی بھی اسپتال پہنچے اور کہا کہ حکام واقعے کی مکمل تفصیلات جمع کررہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:تلنگانہ میں پرنسپل کا قتل، 27 بار چاقو مارنے والے 2 طلبہ گرفتار

آندھرا پردیش کے محکمہ تعلیم نے واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت معاملے کو سنجیدگی سے لے رہی ہے۔ ابتدائی رپورٹ کے بعد تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی گئی ہے، جس میں ریجنل جوائنٹ ڈائریکٹر، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر اور ریونیو ڈویژنل افسر شامل ہوں گے۔

پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ بچے کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مزید کارروائی تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں کی جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp