اداکار علی انصاری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ویڈیوز کے مختصر حصے سیاق و سباق کے بغیر شیئر کرنے کے رجحان پر تنقید کرتے ہوئے نادیہ خان کا دفاع کیا ہے۔
علی انصاری 19 اگست کو نادیہ خان کے پروگرام ’رائز اینڈ شائن‘ میں شریک ہوئے، جہاں ان سے نادیہ خان کی جانب سے ڈراما ’زنجیریں‘ میں ان کی سالی سجل علی کی اداکاری پر کی جانے والی تنقید کے حوالے سے سوال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ڈراما سیریل زنجیریں میں سجل علی کے ڈائیلاگ پر نادیہ خان کی کڑی تنقید، منفرد انداز میں نقل اتاردی
نادیہ خان کو اس وقت سجل علی کے مداحوں اور شوبز سے وابستہ بعض افراد کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا، جب انہوں نے ڈرامے کے ایک منظر میں سجل علی کے مسلح حملہ آوروں سے بھاگتے ہوئے ’کوئی ہے؟‘ پکارنے کے انداز کی نقل کی تھی۔
علی انصاری نے کہا کہ انہوں نے خود یہ منظر نہیں دیکھا تھا اور نادیہ خان کی تنقید کے بارے میں اس وقت معلوم ہوا جب مختصر ویڈیو سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر وائرل ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ سجل علی ان کے خاندان کا حصہ ہیں اور وہ نادیہ خان کو بھی اچھی طرح جانتے ہیں، اس لیے ان کے خیال میں نادیہ خان اپنے پروگرام کے دوران محض گفتگو کے بہاؤ میں بات کر رہی تھیں۔
اس موقع پر نادیہ خان نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تنقید سجل علی کی اداکاری پر نہیں بلکہ منظر کی تدوین میں موجود ایک تکنیکی خامی پر تھی۔ ان کے مطابق منظر میں شامل کی گئی آواز اور دکھائے جانے والے مناظر ایک دوسرے سے مطابقت نہیں رکھتے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری کی طلاق کیوں ہوئی؟ بشریٰ انصاری کے بیان نے نئی بحث چھیڑ دی
علی انصاری نے کہا کہ ان کے خیال میں نادیہ خان کی تکنیکی خامی کی نشاندہی کرنے والی پوری گفتگو 15 سے 20 سیکنڈ کی وائرل ہونے والی ویڈیو سے کہیں زیادہ طویل تھی۔
انہوں نے کہا کہ یہی سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کا مسئلہ ہے، جہاں لوگ چھوٹے چھوٹے حصے کاٹ کر شیئر کرتے ہیں اور اصل بات کو مختلف زاویے سے پیش کرکے معاملے کو بڑھا دیتے ہیں۔
نادیہ خان نے یہ بھی بتایا کہ حال ہی میں انہیں اداکارہ درفشاں سلیم کی حمایت کرنے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا، کیونکہ انہوں نے ڈراما ’درِ نجات‘ میں ان کی اداکاری کی تعریف کی تھی۔ بعض صارفین نے نادیہ خان سے سوال کیا کہ درفشاں سلیم نے مثبت تبصرے کے لیے انہیں کتنی رقم دی۔
علی انصاری نے اس پر ہنستے ہوئے نادیہ خان کو مشورہ دیا کہ وہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ہونے والی تنقید کو خود پر حاوی نہ ہونے دیں۔
یہ بھی پڑھیں: بشریٰ انصاری جعلی اکاؤنٹس سے تنگ، عوام کو خبردار کردیا
انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر سیاق و سباق کے بغیر ویڈیوز شیئر کرنے کے نقصانات کی ایک اور مثال دیتے ہوئے توثیق حیدر کا حوالہ بھی دیا، جنہوں نے مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ جعلی تصاویر کی بنیاد پر اپنی فرح سعدیہ سے شادی کی افواہ کی تردید کی تھی۔
توثیق حیدر کے مطابق انہوں نے اور فرح سعدیہ نے مذاقاً ویڈیو کے آغاز میں ایک دوسرے کو شادی کی مبارک باد دی تھی، تاہم لوگوں نے ویڈیو کا ابتدائی مذاقیہ حصہ کاٹ کر سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر اس طرح شیئر کیا جیسے وہ واقعی شادی کی تصدیق کر رہے ہوں۔














