صوبہ بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے نوکنڈی کے علاقے آزاد میں ‘آپریشن رد الفتنہ 3’ کے تحت انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک سے لایا گیا 150 کلوگرام دھماکہ خیز مواد برآمد کر کے بلوچستان میں خودکش حملوں اور آئی ای ڈی دھماکوں کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا ہے۔
زیرِ زمین 10 کنٹینرز سے دھماکہ خیز مواد کی برآمدگی
نوکنڈی کے علاقے آزاد میں کی گئی اس انتہائی حساس اور کامیاب کارروائی کے دوران دہشتگردوں کا ایک بڑا سپلائی نیٹ ورک تباہ کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:آپریشن ردالفتنہ 3: بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 9 دہشتگرد ہلاک
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ دھماکہ خیز مواد زمین کے نیچے چھپائے گئے 10 کنٹینرز میں رکھا گیا تھا، جسے بلوچستان کے مختلف علاقوں اور ملک کے دیگر حصوں میں بڑی تباہی کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔
دہشتگردوں کا لاجسٹک نیٹ ورک بے نقاب
اتنی بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد کو زمین کے نیچے چھپانے کی کوشش نے دہشتگردانہ تنظیموں کے خفیہ لاجسٹک اور سپلائی روٹس کے منصوبوں کو مکمل طور پر عیاں کر دیا ہے۔
‘آپریشن رد الفتنہ 3’ کے تحت کی جانے والی اس اہم پیش رفت نے ثابت کیا ہے کہ فورسز نہ صرف شرپسندوں بلکہ ان کے اسلحے، بارود اور امدادی نیٹ ورکس کو بھی نشانہ بنا رہی ہیں۔
پنجگور میں ‘فتنہ ہندوستان’ کو بڑا جھٹکا
نوکنڈی کی اس کامیاب کارروائی سے قبل 19 اگست 2026 کو پنجگور کے علاقے کلی سوران میں بھی سیکیورٹی فورسز نے ایک کارروائی کی تھی۔
اس آپریشن میں ‘فتنہ الہندوستان’ کے 5 خطرناک دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا تھا، جو ایک بڑے حملے کی تیاری کر رہے تھے۔
مزید پڑھیں:خوارج کے نیٹ ورک کو شدید دھچکا، بنوں میں انتہائی مطلوب دہشتگرد ایوب عرف ایوبی انجام کو پہنچ گیا
پنجگور آپریشن کے دوران فورسز نے دہشتگردوں کے قبضے سے آئی ای ڈی، ایل ایم جی، ایس ایم جیز، مواصلاتی آلات، بارود، گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بھی برآمد کی تھیں، جس سے ان کی نقل و حرکت کے نیٹ ورک کو شدید نقصان پہنچا تھا۔
دہشتگردی کے خلاف مسلسل آپریشن اور عزم
پنجگور اور نوکنڈی کی مسلسل کامیاب کارروائیاں ‘فتنہ ہندوستان’ کے نیٹ ورکس پر سیکیورٹی فورسز کے مسلسل دباؤ کی عکاسی کرتی ہیں۔
ان اقدامات سے دہشتگردوں کی انسانی طاقت اور دھماکہ خیز مواد کا ذخیرہ دونوں مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں۔ ‘آپریشن رد الفتنہ 3’ آئندہ بھی دہشتگردوں کی پناہ گاہوں، اسلحہ کے ذخائر اور سہولت کاروں کو نشانہ بناتا رہے گا تاکہ بلوچستان کو تشدد سے پاک کر کے عوام کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔














