پاکستانی شوبز کے معروف اداکار نعمان اعجاز نے انکشاف کیا ہے کہ کینسر کی تشخیص کے بعد سورۃ الرحمان کی باقاعدگی سے تلاوت نے ان کی زندگی میں اہم کردار ادا کیا اور وہ اسے کینسر سے معجزانہ صحت یابی کا اہم سبب سمجھتے ہیں۔
حال ہی میں نعمان اعجاز نے ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے بتایا کہ وہ کس طرح سورۃ الرحمان کی تلاوت کو اپنی کینسر سے معجزانہ صحت یابی کا اہم سبب سمجھتے ہیں۔
اپنی بیماری کی تشخیص کے حوالے سے بات کرتے ہوئے نعمان اعجاز نے بتایا کہ ’میرے کان کے قریب ایک ٹیومر تھا اور پیٹ میں لِمفوما بھی تھا۔ جون 2024 میں مجھے کینسر کی تشخیص ہوئی۔ جس دن مجھے بیماری کا پتا چلا، میں نے اللہ سے دعا کی کہ میں نے کبھی کسی کے ساتھ زیادتی نہیں کی، کسی کا پیسہ نہیں لیا اور نہ ہی کسی کو دھوکا دیا، اس لیے مجھ پر رحم فرما‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’انسان روزانہ اس وقت تک جاگتا ہے جب تک اللہ کی مرضی ہو۔ میں نے اللہ سے دعا کی کہ اگر میری زندگی کا مقصد پورا ہوچکا ہے تو میری جان جلد لے لے کیونکہ میں نہیں چاہتا تھا کہ میرے خاندان کو اس بیماری کی تکلیف سے گزرنا پڑے جس میں اسپتالوں کے چکر، کیموتھراپی اور دیگر مشکلات شامل ہوتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: شوبز کی کمائی حرام ہے یا حلال؟ نعمان اعجاز کا ناقدین کو دو ٹوک جواب
اداکر نے مزید کہا کہ ’اسی وجہ سے میں سونے سے پہلے بہت سی آیات اور دیگر دعائیں پڑھتا ہوں کیونکہ مجھے لگتا تھا کہ شاید میں اگلے دن دوبارہ نہ جاگوں۔ جب مجھے بیماری کی تشخیص ہوئی تو میرے ایک دوست گوہر بٹ نے مجھے سورۃ الرحمان کی تلاوت شروع کرنے کا کہا۔ اس کے بعد سے میں روزانہ سورۃ الرحمٰن کی تلاوت کر رہا ہوں‘۔
نعمان اعجاز کے مطابق میرا یقین ہے کہ ’سورۃ الرحمان نے مجھے بچانے میں بہت اہم کردار ادا کیا۔ میرے کان کے قریب موجود ٹیومر کا آپریشن کیا گیا جبکہ پیٹ میں موجود لِمفوما خود ہی ختم ہوگیا اور بعد کے اسکینز میں بھی نظر نہیں آیا۔ یہ میرے لیے حیران کن تھا کیونکہ ڈاکٹروں نے جولائی میں میری کیموتھراپی شروع کرنا تھی۔ اللہ مجھ پر بہت مہربان رہا ہے‘۔
یہ بھی پڑھیں: اداکار نعمان اعجاز نے خلیل الرحمان قمر کے مخالف بیانات پر کیا جواب دیا؟
واضح رہے کہ نعمان اعجاز نے متعدد مقبول پاکستانی ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں اور ان دنوں بھی نئے ڈرامہ پروجیکٹس پر کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے’فشار‘، ’دشت‘، ’نجات‘، ’بھائی‘، ’الو برائے فروخت نہیں‘، ’دم پخت‘، ’من و سلویٰ‘، ’میں مر گئی شوقت علی‘، ’کیسی تیری خودغرضی‘، ’پری زاد‘، ’بشر مومن‘، ’ڈنک‘، ’مایا ری‘، ’بسمل‘ اور ’شرپسند‘ سمیت کئی مقبول ڈراموں میں یادگار کردار ادا کیے ہیں۔ ان دنوں وہ نادیہ افغان کے ساتھ اپنے آنے والے ڈرامہ سیریل کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔














