سانحہ پمز کے بعد گائنی کے پیچیدہ کیسز راولپنڈی اور دیگر اسپتالوں میں منتقل کرنے کا فیصلہ

جمعرات 27 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پمز اسپتال کے گائنی وارڈ میں آتشزدگی کے باعث ’14’ نوزائیدہ بچوں کی ہلاکت کے بعد انتظامیہ نے عارضی طور پر گائنی کے پیچیدہ کیسز پولی کلینک اور راولپنڈی کے اسپتالوں میں منتقل کرنا شروع کر دیے ہیں۔

اس سانحے کے بعد وفاقی وزارتِ صحت کا عارضی دفتر پمز میں ہی قائم کر دیا گیا ہے تاکہ بحالی کے کاموں اور مریضوں کے مسائل کی براہِ راست نگرانی کی جا سکے۔

ایک سینیئر ماہرِ امراضِ نسواں کے مطابق اسپتال میں مریضوں کو واپس بھیجنے کی کوئی باقاعدہ پالیسی نہیں، تاہم نرسری جل جانے اور اس کی مرمت میں وقت لگنے کے باعث انتہائی تشویشناک کیسز دیگر اسپتالوں کو ریفر کیے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پمز سانحہ پر مصطفیٰ کمال کے استعفے کا مطالبہ، وزیر صحت کا خود کو احتساب کے لیے پیش کرنے کا اعلان

جمعرات کو بھی پمز میں 3 سے 4 پیچیدہ ڈلیوریز کی گئیں، تاہم اسپتال انتظامیہ کو احساس ہے کہ اگر تمام مریضوں کو دوسری جگہ بھیجا گیا تو دیگر اسپتالوں کا نظام بھی دباؤ کا شکار ہو جائے گا، اس لیے صرف انتہائی ضروری کیسز منتقل کیے جا رہے ہیں۔

وزارتِ صحت کا دفتر پمز میں منتقل

نئے سیکریٹری صحت کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد محمود نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ اسپتال کے مسائل کو گہرائی سے سمجھنے کے لیے اپنا زیادہ تر وقت پمز میں ہی گزاریں گے اور وزارت کا کام یہیں سے چلائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ وہ صحت کے شعبے میں نئے ہیں، لیکن بطور منتظم وہ اسپتال کے انفراسٹرکچر کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈھالنے اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گورننس کو بہتر بنانے کا عزم رکھتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت اہم اجلاسوں میں شرکت کے بعد وہ واپس پمز ہی آیا کریں گے۔

دلخراش سانحہ اور متضاد دعوے

بدھ کو پمز کے مدر اینڈ چائلڈ اسپتال کی تیسری منزل پر آگ بھڑک اٹھی تھی جس کے نتیجے میں 14  معصوم جانیں ضائع ہو گئیں۔

وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال کے مطابق آگ ممکنہ طور پر وارڈ کے ‘ایئر کنڈیشنر میں دھماکے’ کے باعث لگی، تاہم حتمی وجوہات کا تعین ہونا باقی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سانحہ پمز کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے، اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر

موقع پر موجود عینی شاہدین کا دعویٰ ہے کہ انہیں امداد کے لیے گھنٹوں انتظار کرنا پڑا اور دروازے مقفل ہونے کی وجہ سے انہیں کھڑکیاں توڑ کر بچوں کے آئی سی یو تک پہنچنے کی کوشش کرنی پڑی، تاہم حکام ان دعوؤں کی سختی سے تردید کرتے ہیں۔

ہنگامی اقدامات اور تحقیقات کا آغاز

اس افسوسناک واقعے پر ملک بھر میں شدید رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے بدھ کو ہی وفاقی سیکریٹری صحت کو عہدے سے برطرف کر دیا تھا اور واقعے کی باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے بھی اس واقعے کے فوری بعد پنجاب بھر کے تمام سرکاری اور نجی اسپتالوں، محکمہ صحت اور ریسکیو اداروں کو آگ بجھانے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فائر سیفٹی کے موثر انتظامات یقینی بنانے کی ہنگامی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی، پیٹرول 50، ڈیزل 19پیسے سستا

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ: جماعت اسلامی کا 3 ستمبر کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان

پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون میں بڑی پیشرفت، نیا معاہدہ طے پاگیا

پمز سانحہ، جاں بحق بچوں کے لواحقین کے لیے 50 لاکھ روپے معاوضے کا اعلان

کینیڈا کے ساتھ تجارتی تنازع: ڈونلڈ ٹرمپ کا ‘لیک اونٹاریو’ کا نام بدل کر ‘لیک امریکا’ رکھنے کا انتظامی حکمنامہ جاری

ویڈیو

پمز سانحہ، سیکریٹری ہیلتھ ماضی کے ملزم، بے ایل اے کی دہشتگرد خواتین پر انعام

امریکی سی آئی اے چیف کے خفیہ دورۂ ماسکو پر دُنیا میں ہلچل، روس کو تباہ کن نتائج کی دھمکی

نیپال: زلزلہ یا تباہی کا نیا روپ؟ 5.2 شدت کے جھٹکے کی خوفناک سچائی سامنے آگئی

کالم / تجزیہ

جب فیصلے خوف کے تابع ہوجائیں

عام آدمی کے بیٹوں کا نوحہ

‘میں واپس آؤں گا’ سے تازہ ہونے والے دکھ