اسلام آباد پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ رواں سال رپورٹ ہونے والے قتل کے تمام مقدمات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے 100 فیصد کامیابی حاصل کرلی گئی، جبکہ 2025 کے مقابلے میں رواں سال جرائم برخلافِ مال میں بھی 27 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر کمان شہریوں کے تحفظ، جرائم کی روک تھام اور جدید پولیسنگ کے لیے متعدد اصلاحات اور اقدامات کیے گئے ہیں۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق رواں سال جرائم کے خلاف کارروائیوں کے دوران 14 ہزار 645 سے زائد مقدمات درج کیے گئے، جبکہ 887 سے زائد عدالتی مفرور، ایک ہزار 595 عادی مجرمان اور 944 اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس نے گروپ کیپٹن عاصم طارق قتل کیس، ایچ نائن ٹرپل مرڈر اور تاجر عامر اعوان سمیت اہم قتل کے مقدمات حل کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔ الفلاح بینک ڈکیتی سمیت متعدد اہم مقدمات بھی پیشہ ورانہ تفتیش کے ذریعے مختصر مدت میں حل کیے گئے۔
ترجمان کے مطابق ’نشہ! اب نہیں‘ مہم کے تحت ایک ہزار 144 منشیات فروش گرفتار کرکے بڑی مقدار میں منشیات برآمد کی گئی، جبکہ ’No to Weapon‘ مہم کے دوران غیر قانونی اسلحہ رکھنے والے ایک ہزار 592 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس کے مطابق شہریوں کو فوری خدمات کی فراہمی کے لیے ’پولیس اسٹیشن آن ویلز‘ شروع کیا گیا، جبکہ اسپیشل انیشٹو پولیس اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن کے ذریعے تھانوں میں جدید سہولیات اور شہری دوست ماحول فراہم کیا گیا۔
سیف سٹی اور سی ٹی ڈی میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرز قائم کیے گئے، جبکہ خصوصی SWAT اور DELTA فورس یونٹس، جدید K-9 یونٹ، سٹی واچرز اور نائٹ پٹرولنگ سمیت مختلف اقدامات کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد پولیس کے سابق ایس پی کو سزائے موت سنا دی گئی
ترجمان کے مطابق خواتین کے تحفظ کے لیے آن لائن ویمن پولیس اسٹیشن، شکایات کے فوری ازالے کے لیے IGP کمپلینٹ سیل اور ہیلپ لائن 1715 بھی فعال کی گئی۔ سیف سٹی کو جدید ٹیکنالوجی سے اپ گریڈ کرنے کے ساتھ اے آئی بیسڈ Hunch Lab، سائبر سیکیورٹی اور ورچوئل پٹرولنگ سمیت منصوبے بھی شروع کیے گئے۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق رواں سال چار بین الاقوامی کانفرنسز، 636 ملکی و غیر ملکی وفود، 191 وی وی آئی پی موومنٹس اور 682 احتجاجی مظاہروں و ریلیوں کے لیے سکیورٹی انتظامات کیے گئے۔
آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کا کہنا ہے کہ جدید پولیسنگ، ٹیکنالوجی، جرائم کی روک تھام اور عوامی خدمت کے ذریعے اسلام آباد پولیس کو مزید مؤثر اور عوام دوست ادارہ بنایا جا رہا ہے۔














