وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا سڑکوں پر ری سائیکل پلاسٹک سے ڈرین کور لگانے کا حکم

منگل 1 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے روڈز کے سائیڈ پر ری سائیکل شدہ پلاسٹک سے تیار کردہ ڈرین کورز لگانے کی ہدایت کرتے ہوئے سڑکوں کے اطراف اور درمیان میں کنکریٹ کے گملے رکھنے پر پابندی عائد کرنے کا حکم دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں سرگودھا اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے اون سورس ریونیو سے جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ مختلف اضلاع میں سڑکوں، سیوریج، ڈرینج اور شہری سہولیات کے متعدد منصوبوں کی منظوری دی گئی۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ تمام شہروں کے داخلی راستوں کے اطراف سرسبز گراسی پلاٹس بنائے جائیں اور ان پر متعلقہ شہر کا نام نمایاں طور پر آویزاں کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: ہواوے کے وفد کی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ملاقات، مصنوعی ذہانت کے فروغ پر اتفاق

انہوں نے پرہجوم سڑکوں پر الیکٹرونک ٹریفک سگنلز نصب کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ سرگودھا ڈویژن میں اون سورس ریونیو سے 20 ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جائیں گے، جن میں ضلع سرگودھا کے 8، خوشاب کے 6 اور بھکر کے 6 منصوبے شامل ہیں۔

سرگودھا شہر میں 5 مرکزی سڑکوں کی تعمیر، توسیع اور بحالی کا منصوبہ بھی منظور کیا گیا ہے۔ ان میں ڈیری روڈ، آزاد روڈ، اردو بازار روڈ، پائلٹ چوک اور خیام چوک اوورہیڈ برج روڈ شامل ہیں۔

اسی طرح خوشاب میں اون سورس ریونیو سے سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے 6 منصوبے مکمل کیے جائیں گے، جن میں جہاز چوک، ڈی پی ایس اسکول، سہگل چوک، میانوالی روڈ، مین بازار قائد آباد اور نور پور تھل روڈ کے منصوبے شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: خدمت کا موقع ہر کسی کو نہیں ملتا، عہدہ اللہ کی امانت ہے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز

بھکر میں بھی 6 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی ہے، جن میں جی پی او چوک روڈ، ٹی ڈی اے روڈ، کلورکوٹ روڈ، منکیرہ سٹی روڈ اور دیگر سڑکوں کے منصوبے شامل ہیں۔

وزیراعلیٰ نے بھکر کے داخلی راستوں پر سرسبز و شاداب پلاٹس میں شہر کا نام نمایاں کرنے کی بھی ہدایت کی۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے راجن پور میں اون سورس ریونیو سے 6 منصوبوں کی منظوری دے دی، جن میں کتب کنال تا انڈس ہائی وے، پوسٹ آفس روڈ، آکل پور اور فتح پور روڈ سمیت دیگر سڑکوں کے منصوبے شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی اہم شاہراہوں پر لین اور لائن ڈسپلن یقینی بنانے کی ہدایت

اجلاس میں روجھان، کوٹ مٹھن، جام پور اور داجل سمیت دیگر دیہی علاقوں میں سیوریج اور ڈرینج کے منصوبوں کی بھی منظوری دی گئی۔

وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ دیہات میں سیوریج اور ڈرینج کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔

مریم نواز شریف نے گھروں کے باہر قائم غیر قانونی اور راستے میں رکاوٹ بننے والے ریمپس بھی ہٹانے کا حکم دیا، جبکہ راجن پور شہر اور متعلقہ تحصیلوں کے لیے مزید ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات بھی طلب کرلیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp